سندھ اسمبلی کے اجلاس میں سانحہ لیاقت باغ کے خلاف مذمتی قراداد پیش ، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ، دودھ کی قلت اور پچاس روپے فی لیٹر سے زائد میں فروخت کی تحقیقات کا مطالبہ

بدھ 9 اپریل 2008 14:54

کراچی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین09اپریل 2008 ) نومنتخب سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر نثار کھوڑو کی زیر صدارت جا ری ہے۔ تقریبا ڈھائی گھنٹے کی تاخیر سے جب اجلاس شروع ہوا تو اسپیکر نثار احمد کھوڑو نے ایوان میں سرکاری محکموں کے سیکریٹریز کی غیر موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا۔ اجلاس کے آغاز پر ایوان میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی رہنما پیر مظہر الحق نے سانحہ لیاقت باغ کے خلاف مذمتی قراداد پیش کی ۔

پیپلز پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی سسی پیلجو نے پوائنٹ آف آرڈر پر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی تحقیقات ، حمیرہ علوانی اور مظفر حسین شجرہ نے شہر میں دودھ کی قلت اور پچاس روپے فی لیٹر سے زائد میں دودھ کی فروخت پر تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ سابق وزیر اعلی سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کے ساتھ بدسلوکی کے واقعے کے بعد سے متحدہ قومی مومنٹ ، نیشنل پیپلز پارٹی، مسلم لیگ قاف اور مسلم لیگ فنکشنل نے احتجاجا اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

ایوان میں پیپلز پارٹی کے علاوہ ، عوامی نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ قاف کے فارورڈ گروپ کے دو ارکین موجود ہیں۔ نمائندہ ون ورلڈ سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں آغا سراج دارنی، ذوالفقار مرزا، منظور وسان اور شہلا رضا نے بتایا کے متحدہ قومی مومنٹ کو ایوان میں واپس لانے اور ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لئے متحدہ سے رابطوں میں ہیں اور انہیں واپس لانے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

اس سلسلے میں گورنر عشرت العباد سے بھی رابطہ ہوا ہے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس کےموقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی موجود ہے۔ ارکان اسمبلی اور میڈیا کو اسمبلی کے اجلاس کی کوریج کے لئے خصوصی پاسز جاری کئے گئے ہیں ۔ کسی کو پاس کے بغیر داخلے کی اجازت نہیں دی گئی ۔