چوہدری شجاعت اور ارباب غلام رحیم کی صدر مشرف سے ملاقات۔ملکی سیاسی صورتحال سمیت سندھ اسمبلی میں پیش آنے والے بدسلوکی کے پر تبادلہ خیال

بدھ 9 اپریل 2008 20:18

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین09اپریل 2008 ) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور سابق وزیراعلیٰ سندھ مسلم لیگ (ق) صوبہ سندھ کے صدر ارباب غلام رحیم نے بدھ کو صدر پرویز مشرف سے ایوان صدر میں ملاقات کی  دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال اور ارباب رحیم کے ساتھ سندھ اسمبلی میں پیش آنے والے بدسلوکی کے واقعہ پر تبادلہ خیال کیا ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے صدر پرویز مشرف کو بتایا کہ مذکورہ افسوسناک واقعہ کی زندگی کے تمام طبقات کی طرف سے مذمت کی گئی ہے اور مسلم لیگ (ق) اور اس کی اتحادی جماعتوں نے اس واقعہ کے باوجود انتہائی صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور اپنے کارکنوں کو بھی پرسکون رہنے کی ہدایت کی ہے تاہم کارکنوں نے پرامن طریقے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے  صدر مشرف نے سابق وزیراعلیٰ کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صورتحال کا علم ہونے پر فوری طورپر گورنر سندھ سے اس کی تفصیلات حاصل کی تھیں اور انہیں ہدایت کی گئی تھی کہ واقعہ کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ ارباب رحیم کی سیکورٹی یقینی بنائی جائے گفتگو کے دوران صدر نے مسلم لیگ (ق) کی قیادت پر زور دیا کہ وہ تحمل اور برداشت کی روایت برقرار رکھیں اور ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں جو پرتشدد طریقے سے اپنی بات منوانا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ مہذب معاشرے میں اختلاف رائے کو برداشت کیا جاتا ہے اور سیاسی انداز میں اس کا جواب دیا جاتا ہے دونوں رہنماؤں نے صدر سے ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بتایا کہ وہ جمہوری عمل کے فروغ کیلئے اپنا تعاون پیش کرچکے ہیں تاہم دوسری جانب سے مثبت جواب نہیں ملا ۔