آصف علی زرداری کی زیر صدارت اجلاس، سندھ اسمبلی اور کراچی میں پیش آنے والے سنگین واقعات پر تفصیلی غور وخوص ، کابینہ کے حوالے سے اہم فیصلے

جمعرات 10 اپریل 2008 22:12

کراچی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین10اپریل 2008 ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صدارت میں پی پی پی سندھ کی قیادت اور نومنتخب وزیرا علیٰ کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں اور حکام کے بلاول ہاؤس میں متعدد اجلاس ،سندھ اسمبلی اور کراچی میں پیش آنے والے سنگین واقعات پر تفصیلی غور وخوص جبکہ کابینہ کے حوالے سے ان اجلاسوں میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صدارت میں بلاول ہاؤس میں جمعرات کو متعدد اجلاس ہوئے۔ جن میں وفاقی مشیر داخلہ رحمان ملک، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ جیلانی، پیپلز پارٹی سندھ کے پارلیمانی لیڈر پیر مظہر الحق، متوقع صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، پیپلز پارٹی کے ہم خیال وکلاء اور ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کی ایک بڑی تعداد نے ان اجلاسوں میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ان اجلاسوں میں پانچ اور 7 اپریل کو سندھ اسمبلی میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم جبکہ 9 اپریل کو کراچی میں پیش آنے والے سنگین واقعات کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ پیدا ہونے والے ڈیڈ لاک پر تفصیلی غور وخوص کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ان اجلاسوں میں پیپلز پارٹی کی قیادت نے صوبے باالخصوص کراچی وحیدر آباد میں امن وامان کو بحال رکھنے کے لئے اہم اقدام پر بھی غور کیا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آصف علی زرداری نے سندھ اسمبلی میں پیش آنے والے واقعات پر بعض رہنماؤں پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ واقعات پارٹی اور جمہوریت کی بدنامی کے باعث بنے ہیں جس کے تدارک کے لئے فوری اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔