ایم کیو ایم نے مرکز اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن میں بیٹھنے کااعلان کردیا ۔ کارکنوں کے قتل میں ملوث ڈاکٹر شعیب سڈل کو آئی جی مقرر کیا گیا۔مذاکرات کی ناکامی کی ذمہ دار پیپلزپارٹی ہے ،ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس

اتوار 13 اپریل 2008 21:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اپریل۔ 2008ء) ایم کیو ایم نے مرکز اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا اعلان کردیا ہے ۔ اور مذاکرات کی ناکامی کا ذمہ دار پیپلزپارٹی کو قراردیا ہے ۔ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد ڈپٹی کنوینیر ڈاکٹر فاروق ستار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شراکت اقتدارکے سلسلے میں مذاکرات میں ناکامی کی ذمہ دار پیپلزپارٹی ہے ،ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے مذاکرات میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا،پیپلزپارٹی کی غیرسنجیدگی کا یہ عالم تھا کہ پیپلزپارٹی کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ چند منٹ میں چلے گئے ۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے شعیب سڈل کو آئی جی سندھ مقرر کیا جوان کے بقول ایم کیو ایم کے کارکنوں کے قتل میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد سے ہی ایم کیو ایم نے پیپلزپارٹی کے ساتھ غیر مشروط تعاون کا اعلان کیا۔جیتنے والی تمام پارٹیوں کے رہنماوٴں کو مبارکباد پیش کی۔انکا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے قومی مفاہمت کے پیش نظروزارت عظمیٰ کے امیدوار کودستبردار کیا، وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیکر نہ صرف کامیاب کروایا، بلکہ انھیں اعتماد کا ووٹ بھی دیا۔

انھوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں بھی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں ایم کیو ایم اپنا امیدوار نہیں لائی۔انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اصول،عزت اور وقار پر سمجھوتہ نہیں کریگی۔انکا کہنا تھا کہ اب کسی کو دبایا نہیں جاسکتا۔ماضی میں بھی ہر کڑی آزمائش کا سامنا کیا اورآج بھی تیار ہیں انھوں نے کہا کہ تمام حق پرست ارکان اسمبلی اور ناظمین حالات پر کڑی نظر رکھیں انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم مفاہمانہ پالیسی پر عملدرآمد جاری رکھے گی اورحکومت کے تمام مثبت اقدامات کی حمایت کریں گے ۔