ہزاروں بے نام قبروں کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ ۔بھارتی پولیس کا دو مجاہدین کو شہید کر نے کا دعویٰ

منگل 29 اپریل 2008 11:35

سری نگر(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین29اپریل 2008 ) مقبوضہ کشمیر میں گمشدہ افراد کے لواحقین کی تنظیم نے ہزاروں بے نام قبروں کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کردیا  ادھر بھارتی پولیس نے دو مجاہدین کو شہید کر نے کا دعویٰ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق گمشدہ افراد کے والدین کی تنظیم نے ہیومن رائٹس واچ اور ایشیائی انسانی حقوق کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر میں ان سینکڑوں بے نام قبروں کی عالمی نگرانی میں تحقیقات کرائی جائے جہاں بھارتی فورسز نے ہزاروں افراد کوقتل کر نے کے بعد دفن کردیا ہے۔

یہ قبریں لائن آف کنٹرول کے قریب اٹھارہ دیہات کے قبرستانوں سے ملی ہیں۔ان قبروں کا مقامی افراد سے کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ راتوں رات وجود میں آگئی ہیں۔گمشدہ افراد کے والدین کی تنظیم کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کم از کم دس ہزار افراد لاپتہ ہیں اور خیال ہے کہ وہ یا تو بھارتی جیلوں میں قید ہیں یا پھر ان کو قتل کردیا گیا ہے۔ادھر بھارتی پولیس نے دو کشمیری مجاہدین کو شہید کردینے کا دعویٰ کیا ہے،ان میں سے ایک کا تعلق حزب المجاہدین سے بتایا جاتاہے۔

متعلقہ عنوان :