بھارتی ریاست جھارکھنڈ کی یونیورسٹی میں پیغمبر اسلام سے متعلق ایک متنازعہ سوال پوچھے جانے پر طلبہ کی توڑ پھوڑ۔ پولیس کا مشتعل افراد پر لاٹھی چارج ، شہر میں حالات کشیدہ  بارہ افراد زخمی

جمعرات 1 مئی 2008 17:45

جھارکھنڈ (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین01مئی2008 ) بھارت کی شمالی ریاست جھارکھنڈ میں رانچی یونیورسٹی کے ایک امتحان میں پیغمبر اسلام سے متعلق ایک متنازعہ سوال پوچھے جانے پر بعض طلبہ نے یونیورسٹی میں توڑ پھوڑ کی ۔توڑ پھوڑ کے دوران پولیس نے مشتعل افراد پر لاٹھی چارج کیا جس کے بعد شہر میں حالات کشیدہ ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق توڑ پھوڑ کے دوران بارہ افراد زخمی بھی ہوگئے۔

واضح رہے کہ بدھ کو رانچی یونیورسٹی میں بی اے - سال دوئم کے ایک امتحان کے دوران تاریخ کے پرچے میں پیغمبرِ اسلام کے بارے میں ایک سوال پوچھا گیا تھا جس کی عبارت متنازعہ تھی۔

(جاری ہے)

اس بات کے عام ہونے کے بعد بعض مشتعل طلبہ نے جمعرات کی صبح رانچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور دفتر کے باہر کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

یونیورسٹی میں توڑ پھوڑ کے بعد رانچی شہر میں بھی حالات کشیدہ ہوگئے اور پولیس حکام کے مطابق کشیدگی کے مدنظر علاقے میں ریپڈ ایکشن فورس کے ساتھ خصوصی مسلح پولیس فورس بھی تعینات کی گئی ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ایم اے خان کے مطابق اس واقعہ کی تفتیش کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو جلد ہی اپنی رپورٹ پیش کر دے گی‘۔بقول وائس چانسلر تاریخ کے اس پرچے کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :