پشاورکی الیکشن ٹریبونلز نے قومی وصوبائی اسمبلی کے ارکان کے خلاف الیکشن پٹیشن کی سماعت ملتوی کردی

جمعہ 2 مئی 2008 16:57

پشاور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین02مئی2008 ) پشاورہائی کورٹ کے جسٹس سید معروف خان اورجسٹس سید یحی زاہد گیلانی پر مشتمل الیکشن ٹریبونلزنے سات قومی اور صوبائی اسمبلی کے ارکان کی نا اہلی کے لئے دائر انتخابی عذر داریوں پر متعلقہ فریقین کونوٹس جاری کر تے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔تفصیلات کے مطابق پشاورکے الیکشن ٹریبونلز نے قومی اسمبلی میں فاٹا کے پارلیمانی لیڈر منیر اورکزئی کے خلاف این اے 38کرم ایجنسی کے ناکام امیدوار اخونزادہ عبید اللہ کی جانب سے دائر انتخابی عذر داری کی سماعت شروع کی توان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ این اے 38کے کئی پولنگ سٹیشنوں میں ووٹروں کی مطلوبہ تعداد سے زیادہ ووٹ پول کئے گئے اسی طرح ہزاروں ایسے ووٹرز ہیں جن کے پاس شناختی نہیں اور انہوں نے شناختی کارڈ کے بغیر ووٹ پول کئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت کوبتایا کہ تیرہ فروری کو ایک پولنگ سٹیشن میں عملہ تعینات کیاگیا جبکہ سترہ فروری کو تمام عملہ تبدیل کر کے اپنے من پسند عملے کو تعینات کیاگیا لہذا استدعا ہے کہ انتخابات میں مبینہ بے قاعدگیاں ہوئی ہیں ۔ابتدائی دلائل سننے کے بعد الیکشن ٹریبونل نے انتخابی عذر داری سماعت کے لئے منظور کرلی اور بارہ مئی کو منیر اورکزئی کو عدالت طلب کرلیا ۔

اسی طرح فاضل الیکشن ٹریبونل نے این اے تین پشاور سے رکن قومی اسمبلی نو ر عالم خان کے خلاف اے این پی کے ناکام امیدوار محمد ہاشم خان بابر کی جانب سے دائر انتخابی عذر داری پر منتخب رکن اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت بارہ مئی تک ملتوی کر دی اور جواب دعوی جمع کرانے کا حکم دیدیا اسی طرح پی ایف ون سے اے این پی کے رکن صوبائی اسمبلی عالمزیب خان کے خلاف دائر محمد اکبر خان کی انتخابی عذر داری بھی سماعت کے لئے منظور کرلی ۔

جسٹس سید یحی زاہد گیلانی پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے پی ایف 61کوہستان سے رکن صوبائی اسمبلی مولوی عبید اللہ کی نا اہلی کے لئے ان کے سیاسی حریف مولانا دلدار احمد اور این اے 23کوہستان سے رکن قومی اسمبلی محبوب اللہ کے خلاف حاجی مصر خان کی جانب سے دائر انتخابی عذر داری سماعت کے لئے منظور کرلی اور دونوں ارکان اسمبلی کو نوٹس جاری کر تے ہوئے انہیں بارہ مئی کو طلب کرلیا ۔

اسی طرح پشاور ہائیکور ٹ کے جسٹس ضیاء الدین خٹک پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے این اے چوالیس باجوڑ ایجنسی سے قومی اسمبلی کے رکن اخونزادہ محمد چٹان کو طلب کرتے ہوئے سیکرٹری قومی اسمبلی کے ذریعے انہیں نوٹس جاری کر دیا اور سماعت سولہ مئی تک ملتوی کر دی ۔ان کے خلاف انتخابی عذر داریاں شہاب الدین خان اور گل داد نے دائر کی ہیں ۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس حامد فاروق درانی پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے پیپلز پارٹی کے محمد فرید خان طوفان کی جانب سے صوبائی وزیر جیل خانہ جات میاں نثار گل کاکا خیل کے خلاف دائر انتخابی عذر داری اور دوبارہ گنتی کے لئے دائر درخواست پر صوبائی وزیر کو نوٹس جاری کر دیا سماعت کیلئے سولہ مئی کی تاریخ مقرر کر دی ۔

جب انتخابی عذر داری کی سماعت شروع ہوئی تو ان کے وکیل بیرسٹر مسعود کوثر نے عدالت کوبتایا کہ انتخابات میں جعلی ووٹ پول کئے گئے اور ریٹرننگ آفیسر نے دوبارہ گنتی کرنے سے معزولی ظاہر کی ہے ۔