پیپلز پارٹی تین نومبر کے اقداما ت کو غیر آئینی سمجھتی ہے ،سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر رضا ربانی ،پیمرا سمیت کسی بھی ادارے کو میڈیا کے خلاف پابندیاں عائد کرنے نہیں دیں گے ۔وفاقی وزیر اطلاعات شیری رحمان

منگل 13 مئی 2008 17:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مئی۔2008ء) سینیٹ میں قائد ایوان اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی صدر پرویز مشرف کے تین نومبر دوہزار سات کے اقدامات کو غیر آئینی سمجھتی ہے ۔ اسلام آباد میں صحافیوں کے یوم عزم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ دو نومبر کی عدلیہ کی بحالی لازم ہے اور پیپلز پارٹی معزول ججوں کی بحالی کے پختہ عزم سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کی منزل اور مقصد ایک ہے ۔

(جاری ہے)

تاہم طریقہ کار میں معمولی اختلاف ہے جو جلد دور کرلیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شیری رحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے ۔ تاہم میڈیا بھی پیپلز پارٹی کی حکومت کا ساتھ دے اور میڈیا ٹرائل نہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پیمرا یا کسی اور ادارے کو میڈیا کے خلاف پابندیاں عائد نہیں کرنے دیں گے ۔ تقریب سے مسلم لیگ (نواز) کے مرکزی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے بھی خطاب کیا ان کاکہنا تھا کہ عدلیہ کی آزادی کی تحریک میں مسلم لیگ نواز ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی ۔ اور آزاد عدلیہ ہی آزاد صحافت کی ضمانت ہے ۔ تقریب سے صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں نے بھی خطاب کیا