عالمی بینک کے نائب صدر کی یوسف رضا گیلانی سے ملاقات ،حکومت جلد ٹھوس اقتصادی پالیسیاں متعارف کرائے گی، عوامی توقعات پوری کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے، وزیراعظم،امید ہے عالمی بینک توانائی، پانی و خوراک کے بحرانوں پر قابو پانے اور نئے ڈیموں کی تعمیر کیلئے تعاون جاری رکھے گا

منگل 27 مئی 2008 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مئی۔2008ء) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کے شراکت کاروں خاص طور پر عالمی بنک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے جس نے ڈھانچہ جاتی تعمیر، صحت تعلیم کے شعبوں کی ترقی اور معیشت کو آزادانہ بنانے کے لئے ضروری اصلاحات کے عمل کو جاری رکھنے میں بڑی مدد کی ہے وزیراعظم نے یہ بات منگل کو یہاں عالمی بنک کے نائب صدر پرافل پٹیل کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی وزیراعظم نے ماضی میں عالمی بنک کی پاکستان کے لئے مالی معاونت کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ عالمی بنک مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا تاکہ ملک میں توانائی کی کمی پانی اور خوراک کے بحرانوں پر قابو پایا جاسکے اور ملک میں نئے ڈیمز تعمیر کئے جاسکیں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عوام کو نئی حکومت سے بہت زیادہ توقعات ہیں جس نے عوام کی توقعات کو پورا کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور وہ غربت میں کمی فی کس آمدنی میں اضافہ کرکے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے جیسی پالیسیاں اپنائے گی وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ حکومت جلد ہی ٹھوس اقتصادی پالیسیاں متعارف کروائے گی اور ان پالیسیوں پر کامیابی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور اقتصادی مشاورتی کونسل کی تشکیل بھی اس سمیت کی طرف ایک قدم ہے عالمی بنک کے نائب صدر پرافل نے نئی جمہوری حکومت کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور وزیراعظم کو بنک کی طرف سے متعارف کروائی جانے والی ترقیاتی سکیموں کے بارے میں بریف کیا انہوں نے آئندہ بجٹ کے لئے مالی اور ٹیکنیکل معاونت کی پیشکش کی انہوں نے یقین دلایا کہ موجودہ مالی سال کے دوران حکومت کو متفقہ مالیاتی پروگرام دیا جائے گا انہوں نے توقع ظاہر کی کہ موجودہ جمہوری حکومت وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت اور فعال اقتصادی انتظامیہ ملکی معیشت میں بہتر تبدیلی لائے گی اور ان اغراض ومقاصد کے حصول میں عالمی بنک ہرممکن حد تک معاونت اور تعاون کرے گا وزیراعظم نے ملاقات کے دوران مزید کہا کہ عالمی بنک کے تعاون سے پاکستان انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے سرمایہ کاری کے قابل ہوجائے گا اور ملک میں غربت کے خاتمہ سمیت انفراسٹرکچر کی تعمیر کرسکے گا ۔