بجٹ میں غریب خاندانوں کیلئے عورت کارڈ متعارف کرایا جائے گا، نذر محمد گوندل ۔۔شوگر ملز مالکان کے پاس پھنسی ہوئی گنے کے کاشتکاروں کی 49.6 ارب روپے کی رقم وصول کرلی،مزید چار ارب روپے کی وصولی کیلئے تیس جون کی ڈیڈ لائن دے دی ہے،وزیرخوراک کی پریس کانفرنس۔(تفصیلی خؓبر)

منگل 10 جون 2008 20:12

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین10جون2008 ) وفاقی وزیر خوراک وزراعت نذر محمد گوندل نے کہاہے کہ بجٹ میں غریب خاندانوں کیلئے عورت کارڈ متعارف کرایا جارہاہے جس کے تحت ایک ہزار سے پندرہ سو روپے ماہانہ دیئے جائینگے ، حکومت نے شوگر ملز مالکان کے پاس پھنسی ہوئی گنے کے کاشتکاروں کی 49.6 ارب روپے کی رقم وصول کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے ،مزید چار ارب روپے کی وصولی کیلئے تیس جون کی ڈیڈ لائن دے دی ہے ، منگل کو وزارت خوراک وزراعت کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نذر محمد گوندل نے بتایا کہ گنے کے کاشتکاروں کی رقم شوگر ملوں کے ہاں پھنسی ہوئی تھی ، موجودہ حکومت نے اس سلسلے میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے 49.6 ارب روپے کی رقم وصول کرا لی ہے ، اب صرف چار ارب روپے ملز کے زمے واجب الادا ہیں ، تیس جون تک یہ رقم ادا نہ کرنے والی ملز کے خلاف سخت کارروائی کرینگے ، انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی 44 میں سے 9، سندھ کی تیس میں سے سات اور سرحد کی سات میں سے تین شوگر ملیں اس وقت نادہندہ ہیں ، سیکرٹری وزارت خوراک وزراعت نے تحریری طورپر ملز مالکان سے کہا ہے کہ وہ تیس جون تک گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگیاں کردیں بصورت دیگر ان کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ، وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غریبوں کیلئے عورت کارڈ متعارف کروارہی ہے ، جس کا نام بینظیر کارڈ بھی ہوسکتاہے ، تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ کیا جانا باقی ہے ، اس سکیم کے تحت غریب خاندانوں کو ایک ہزارسے پندرہ سو روپے ماہانہ امداد دی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ یہ کارڈ گھر کی خواتین کے نام پر جاری ہوگا ، کیونکہ خواتین چیزوں کی حفاظت اچھے طریقے سے کرسکتی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں سعودی عرب کے دوران سعودی حکام سے وزارت خوراک وزراعت کے حکام کی ملاقاتیں ہوئی ہیں ، جو نہایت کامیاب رہی ہیں سعودی عرب نے پاکستان سے پانچ سے دس لاکھ میٹرک ٹن چاول خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے فی الحال ہم انہیں علامتی طور پر کچھ چاول فراہم کرینگے ، جبکہ باقی چاول تین ماہ بعد نئی فصل آنے کے بعد دیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب چاول کے بدلے ہمیں اچھے مارکیٹ ریٹ دے گا ، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ گزشتہ دنوں چاول کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی وجہ عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ تھا ، چونکہ ہم بین الاقوامی منڈی سے الگ تھلگ نہیں ہیں اس لئے عالمی نرخوں کے اثرات ہم پر بھی پڑے ہیں ، اس کے علاوہ ہماری ایکسپورٹ پالیسی بھی آزادانہ ہے ، جس کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ، وفاقی وزیر نے بتایا کہ سعودی حکام نے پاکستان میں زیتون کی کاشت اور ماہی گیری کے شعبے میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے ، زیتون کی کاشت کیلئے سعودی عرب زمین خریدنے کا خواہش مند تھا لیکن ہم نے اس سے معذرت کرلی ہے ، اب معاہدہ ہونے پر لیز پر زمین مہیاکی جائے گی، اس کے علاوہ سعودی عرب نے ایکسپورٹ ہاؤسز کے قیام میں بھی دلچسپی دکھائی ہے ، انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں روم میں منعقدہ ایف اے او کے اجلاس میں ان کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے شرکت کی تھی اس موقع پر امریکی نمائندے سے خوراک کے بحران سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا ہے ، ڈی جی ایف اے او نے بھی پاکستان کو نمائندگی دینے کی یقین دہانی کرائی ہے ، انہوں نے بتایا کہ حکومت چالیس ارب روپے کی لاگت سے 1012 دیہاتوں میں فصل بڑھانے کے منصوبوں پر کام شروع کررہی ہے ، بعد ازاں اسے پانچ ہزار دیہاتوں تک توسیع دے دی جائے گی ، انہوں نے کہاکہ وزرات خوراک وزراعت نے بجٹ میں کسانوں کی بہبود کیلئے مختلف تجاویز دی ہیں ، جس میں زرعی قرضوں پر شرح سود نو فیصد سے کم کرنے کی تجویز کے علاوہ کریڈٹ پر بلڈوزر ، لیزر اور کھدائی مشینیں فراہم کرنے کی تجاویز شامل ہیں ۔

متعلقہ عنوان :