وزیراعظم نے مفت کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کردیا، حکومت نے غریبوں کو ریلیف دینے کا ایک اور وعدہ پورا کردیا، شہری سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شناختی کارڈ ضرور حاصل کریں،یوسف رضاگیلانی ، وزارت داخلہ عام انتخابات میں دھاندلی اور بوگس ووٹوں کی شکایات کی روک تھام کیلئے فنگر پرنٹس کا نظام لائے گی ،رحمن ملک

منگل 24 جون 2008 22:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون۔2008ء) وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی نے مفت کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔منگل کو یہاں حکومت کے اعلان کردہ پہلے 100 دن کے ترقیاتی پروگرام کے تحت مفت کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت نے عام شہریوں بالخصوص معاشرے کے غریب ترین افراد کو ریلیف دینے کا ایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے شہریوں کو کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کا مفت اجراء شروع کر دیا ہے۔

انہوں عوام پر زور دیا ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات اورا سکیموں سے استفادہ کیلئے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ حاصل کریں۔ انہوں نے منصوبے کے اجراء پر وزارت داخلہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے 100 دن کے اہداف کے حصول کیلئے وزارت داخلہ نے اہم قدم اٹھایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے مفت حصول کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شناختی کارڈ ضرور حاصل کریں کیونکہ حکومت کی طرف سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، ہیلتھ انشورنس، فصلوں کی انشورنس، تعلیم و صحت اور مائیکرو کریڈٹ کی سکیموں سے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے ذریعے ہی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے سیاسی جماعتوں، یوتھ ونگز اور تمام عوامی نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ عوام میں کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے حصول کیلئے شعور اجاگر کریں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر نادرا حکام کو ہدایت کی کہ وہ دیہی علاقوں میں عوام کو کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کی مفت فراہمی کیلئے موبائل ویگنوں کی تعداد بڑھائیں تاکہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ شہریوں کوکمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے عوام کو کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے مفت اجراء منصوبہ شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے اجراء کے علاوہ وزارت داخلہ عام انتخابات میں دھاندلی اور بوگس ووٹوں کی شکایات کی روک تھام کیلئے فنگر پرنٹس کا نظام لائے گی اور لینڈ ریونیو کے ریکارڈ کو بھی کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے قوم کو جلد خوشخبری سنائی جائے گی۔