پر امن مظاہرین پر فورسز کی کاروائی کے نتیجے میں ہلاکتیں سرکاری دہشت گردی کا کھلا ثبوت ہیں ، شبیر شاہ ۔کشمیر ی عوام بھارت کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ایک منٹ کی تاخیر کرنے کو تیار نہیں ، صحافیوں سے بات چیت

جمعہ 27 جون 2008 13:58

سرینگر(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین27جون2008 ) حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ بھارت نواز لیڈران نوشتہ دیوار پڑھ لیں کیونکہ کشمیر ی عوام بھارت کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ایک منٹ کی تاخیر کرنے کو تیار نہیں ۔پر امن مظاہرین پر فورسز کی کاروائی کے نتیجے میں ہلاکتیں سرکاری دہشت گردی کا کھلا ثبوت ہیں ۔ پانچ روز سے مسلسل نظر بند حریت لیڈرنے اپنے ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام نے اپنی تحریک کو نئی جلابخشی ہے جس سے یہ بات واضح ہو رہی ہے کہ کشمیری عوام خون سے سینچی ہوئی اپنی تحریک اور ملی مفاد پر کوئی سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں ۔

شبیر احمد شاہ نے کہا کہ شرائن بورڈ کو اراضی فراہم کرنے کا سرکاری فیصلہ بلاجواز ہے اور کشمیری عوام اس کیخلاف سراپا احتجاج بنے ہیں ۔

(جاری ہے)

شبیرشاہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شرائن بورڈ معاملے پر قائم کردہ کمیٹی کے پروگراموں کا بھر پورتعاون کریں ۔ فورسز کاروائیوں سے ہوئی ہلاکتوں کو سرکاری دہشت گردی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں نوجوانوں کی ہلاکت پر ذاتی طور پر دکھ ہوا ہے ۔

حریت لیڈر نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ پائین شہر اور دیگر علاقوں میں فورسز اہلکار توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کرتے ہیں اس لئے سیاسی جماعتوں کو بھی مشترکہ صف کرکے اورزندگی کے دیگر شعبوں سے وابستہ لوگوں کو بھی اتحاد و فکر کا مظاہرہ کرنے کا عمل جاری رکھنا ہوگا ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کشمیری قوم غیر ریاستی بورڈ کو زمین فراہم کرنے کی ہر ممکن اجازت نہیں دے گی اور سنگھ پریوارکے لوگوں کے بیانات فرقہ واردایت کو ہوا دینے کے مترادف ہیں ۔

شاہ نے کہا کہ کشمیر میں ہمیشہ سے ہی رواداری اور آپسی بھائی چارے کا مظاہرہ ہوتا رہا ہے اور سنگھ پریوار اس بھائی چارے کو پارہ پارہ کرنے کی مذموم سازشیں کر رہا ہے جنہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ یاتریوں کی ہر ممکن مدد کریں تاکہ روایتی بھائی چارے کا ماحول قائم رہے ۔اس دوران انہوں نے ہند نواز جماعتوں کے لیڈران کو مشورہ دیا کہ وہ نوشتہ دیوار پڑھ لیں اور ان معاملات پر سیاست کرنے کے بجائے براہ راست عوامی تحریک میں شامل ہو جائیں ۔انہوں نے کہا کہ اب دہرے معیار سے کام نہیں چلے گا ۔

متعلقہ عنوان :