پاکستانی وزیرخارجہ کی بھارتی ہم منصب سے ملاقات ، مذاکراتی عمل کوجاری رکھنے پر اتفاق ۔ مسئلہ کشمیر پر بہت نقصان اٹھایا ،اب اسے حل کر نے کا وقت آگیا ہے ،شاہ محمود قریشی ۔ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں پرناب مکھر جی

جمعہ 27 جون 2008 15:56

نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین27جون2008 ) پاکستان اوربھارت نے مذاکراتی عمل کوجاری رکھنے پر اتفاق کیاہے اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کے حکام کے درمیان مذاکرات کاپانچواں دورجولائی میں ہوگا۔جمعہ کو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بھارتی ہم منصب پرناب مکھر جی سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارتی ہم منصب کے ساتھ ان کی بات چیت کے دوران دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر دونوں ممالک نے بہت نقصان اٹھایا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ اس مسئلے کو حل کیا جائے۔انہوں نے کہا پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات مضبوط ہونا چاہیے ، اسی سے خطے میں امن قائم ہو سکتاہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ قیدیوں کے معاملات پر کچھ مس ہینڈ لنگ ہو رہی ہے اوردونوں ممالک اس حوالے سے جوڈیشل کمیٹی بنانے پر رضامند ہو گئے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے اپنے بھارت ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی ۔انہوں نے کہاکہ مذاکرات کے دوران مذاکراتی عمل کوجاری رکھنے پر اتفاق کیاگیاہے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور 21اور22 جولائی کو ہوگا۔اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ پرناب مکھرجی نے کہا کہ دہشت گردی ہمارے لئے تشویش کی بات ہے اوردونوں ممالک کیلئے یہ ایک بڑا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بات چیت کا عمل مستقبل میں بھی جاری رہے گا، بھارت اسلام آباد کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتاہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران داخلی سیکورٹی اور جموں کشمیر کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم من موہن سنگھ کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کا اعلان جلد کیاجائے گا۔