بھارت کے سابق فوجی سربراہ سیم مانیک شاء 94سال کی عمر میں انتقال کرگئے

جمعہ 27 جون 2008 19:53

نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین27جون2008 ) بھارت کے سابق فوجی سربراہ سیم مانیک شاء 94سال کی عمر میں انتقال کرگئے ۔ مانیک شاء نے پاکستان کے ساتھ 1971 کی جنگ میں بھارتی فوج کی قیادت کی تھی۔ فیلڈ مارشل سیم مانک شاء کا جمعہ کی صبح انتقال ہوا ۔ وہ کافی دنوں سے علیل تھے اور ایک فوجی ہسپتال میں اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہے تھے۔ مانیک شاء بھارت کے سب سے مشہور اور کامیاب فوجی کمانڈر مانے جاتے ہیں جنہوں نے 1971ء میں پاکستان کے خلاف بھارتی فوج کو کامیابی دلائی تھی اور مشرقی پاکستان کی جگہ بنگلہ دیش کا وجود ہوا تھا۔

بھارت نے اس کامیابی کے لیے انہیں فیلڈ مارشل کے خطاب سے نوازہ تھا۔ آزاد بھارت میں یہ خطاب صرف دو فوجیوں کو ملا ہے۔ بھارت کے ایک سابق فوجی افسر شبھی سود71ء کی جنگ میں مانیک شاء کے ساتھ تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاہے کہ مانیک شاء بہت ہی ایماندار اور انصاف پسند آدمی تھے۔ انسان کے روپ میں وہ ایک فرشتہ تھے۔ وہ بہت ہی ذہین اور تیز طرار تھے۔ اصولوں کے بڑے پکے تھے اور ان کی کوشش ہوتی تھی کہ ان سے کوئی بے انصافی نہ ہونے پائے۔

انہوں نے مانیک شاء پر ایک کتاب ’ لیڈر شپ فیلڈ مارشل سیم مانک شاء ‘ لکھی ہے جس میں انہوں نے کئی دلچسپ واقعات کا ذکر کیا ۔ وہ کہتے ہیں کہ مانیک شاء کا مزاحیہ انداز بہت اچھا تھا۔ وہ بہت کم غصہ ہوتے تھے لیکن جب بہت غصہ ہوتے تھے تو کہتے تھے’لیٹس گو‘ اور پھر غصہ کو کم کرنے کے لیے وہ میوزک سنتے تھے۔مانک شاء کا جنم 1914ء میں امرتسر میں ہوا تھا۔

انہوں نے تقریبا چالیس برس تک فوجی خدمات انجام دیں جس میں دوسری عالمی جنگ سمیت پانچ جنگیں شامل ہیں۔ انہیں لڑائی کے دوران ایک بار گولی بھی لگی تھی۔ ان کا خاندان پارسی تھا اور ان کے والد ایچ ایف شاء ایک ڈاکٹر تھے جو پنجاب میں جاکر بسے تھے۔ مانیک شاء نے ابتدائی تعلیم امرتسر کالج میں حاصل کی تھی اور بعد میں انہیں انگریزوں کے قائم کیے گئے دہرہ دون کے فوجی انسٹی ٹیوٹ میں تربیت کا موقع ملا تھا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ میں مانیک کے زبردست تذکرے ہورہے ہیں۔ خاص طور پر الیکٹرانک میڈیا میں ان کی1971ء کی وہ آواز سنائی جارہی ہے جس میں وہ انگریزی زبان میں کہہ رہے ہیں کہ آپ کی فضائیہ کو پوری طرح تباہ کیا جا چکا ہے اور بھارتی فوج ڈھاکہ میں موجود ہے، آپ کا چاروں طرف سے محاصرہ کیا جا چکا ہے اس لیے ہتھیار ڈال دیں ورنہ آپ سب کو بے رحمی سے قتل کردیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :