وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ اور وزیر خارجہ سے ملاقات ۔ اہم علاقائی اور خطے کی صورتحال پر بات چیت ۔ بھارتی وزیر اعظم نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔پاک بھارت وزرائے خارجہ مذاکرات،بھارتی ہم منصب سے بات چیت میں مسئلہ کشمیر کو مرکزیت حاصل تھی،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،پاکستان اور بھارت کے درمیان جامع مذاکرات اکیس اور بائیس جولائی کو ہوں گے ۔پاک بھارت کا ٹرانسپورٹ اور صنعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

جمعہ 27 جون 2008 20:47

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27جون۔2008ء) بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی ہے ۔ من موہن سنگھ رواں سال پاکستان کا دورہ کریں گے ۔ نئی دہلی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر اعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی ۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی ۔

اس دوران پاک بھارت تعلقات میں فروغ، اہم علاقائی اور عالمی سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی گئی ۔ اس سے پہلے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان مذاکرات ہوئے جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات اکیس اور بائیس جولائی کو ہوں گے ۔

(جاری ہے)

پوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی ہم منصب سے بات چیت میں مسئلہ کشمیر کو مرکزیت حاصل تھی ۔

انہوں نے کہاکہ خطے میں استحکام دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت جاری رہنی چاہئے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سہ فریقی گیس پائپ لائن معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستحکم ہو ں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان انسداد دہشت گردی میکنزم کے اجلاس باقاعدگی سے ہوں گے ۔اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ پرناب مکھر جی کا کہنا تھا کہ باہمی تنازعات بات چیت سے حل کئے جائیں گے ،انہوں نے کہاکہ جوڈیشل کمیٹی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے سفارشات مرتب کررہی ہے ۔

بھارتی وزیر خارجہ نے کہاکہ ٹرانسپورٹ اور صنعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے ۔ بھارتی وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستانی ہم منصب کے ساتھ بات چیت مثبت رہی ہے اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر متفق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کے حوالے سے جوڈیشل کمیٹی کے مذاکرات آٹھ جولائی کو ہوں گے ۔