حکومت عوام کے سیلاب کو نہیں روک پائے گی  عنقریب اراضی کی منتقلی کا فیصلہ واپس لیا جائے گا ، سید علی گیلانی ۔۔۔ کشمیر سے بھارت کے مکمل فوجی انخلاء تک جدوجہد جاری رہے گی ، عوام نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں ، مظاہرے سے خطاب

ہفتہ 28 جون 2008 14:07

سرینگر(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین28جون2008 ) حریت کانفرنس کے مرکزی رہنما سید علی شاہ گیلانی نے کہاہے کہ حکومت عوام کے سیلاب کو نہیں روک پائے گی اور عنقریب اراضی کی منتقلی کا فیصلہ واپس لیا جائے گا تاہم انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ شرائن بورڈ معاملے پر قائم کردہ کمیٹی جو بھی پروگرام تشکیل دے گی وہ نظم و ضبط کا مظاہرہ کر کے ۔اپنی رہائش گاہ میں 5روز سے مسلسل نظر بندی کے دوران ہزاروں کی تعدادمیں آنے والے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہاکہ قوم بیدار ہوئی اور موجودہ احتجاج کی لہر نے تحریک آزادی کو ایک نئی جلا بخشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شرائن بورڈ معاملے پر ریاستی عوام نے جس مزاحمت کا کھلا اظہار کیا ہے اس سے یہ بات صاف ظاہر ہو گئی ہے کہ ریاستی عوام کسی بھی صورت میں تحریک آزادی کو ادھورا چھوڑنے کیلئے تیار نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادی کے حصول کیلئے لا دین سیاست کو ترک کرنا ہو گا اور لادین سیاست نے ہی تحریک آزادی کو زک پہنچایا ہے ۔ سید گیلانی نے کہا کہ حکومت عوام کے سیلاب کو نہیں روک پائے گی اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ عنقریب حکومت اپنا فیصلہ واپس لے گی ۔

تاہم انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد 800کنال کی اراضی کی واپسی تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ جدوجہد کشمیر سے بھارت کے مکمل فوجی انخلاء تک جاری و ساری رہے گی ۔سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ ہمیں آگے بڑھنا ہو گا کیونکہ پیچھے دیکھنے کا وقت نہیں رہا اس لئے مکمل آزادی کے حصول کے لئے جدوجہد کو تیز کرنا ہو گا۔ بھارت نواز سیاسی لیڈران اور جماعتوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ جہاں کشمیری عوام سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں یہ لوگ سیاست کرنے نکلے ہیں ۔

بھارت نواز لیڈران بے نقاب ہو چکے ہیں اور کشمیری قوم یہ سمجھ چکی ہے کہ ہر معاملے میں یہی لوگ ذمہ دار ہیں ۔ یہ محض 800کنال اراضی کا معاملہ نہیں اگرنیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو آزادی ملی تو وہ پورے کشمیر کو بھارت کی جولی میں ڈالنے سے نہیں ہچکچائیں گے حالانکہ ان ہی لوگوں نے کشمیریوں کو بھارت کی غلامی کا طوق پہنایا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ ان ضمیر فروشوں کا عوامی بائیکاٹ کرانے کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا جائیگا۔

سید گیلانی نے کہا کہ انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ مرنے کے بعد انہیں کشمیر کی زمین بھی نصیب ہوئی تو ان کی قبروں پر پہرہ بٹھانے کی ضرورت پڑے گی ورنہ ان کے باقیات بھی کشمیریوں کے غیظ غضب کا شکار ہو جائیں گے۔اس موقعہ پر سید علی شاہ گیلانی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شرائن بورڈ معاملے پر قائم کردہ کمیٹی کے پروگراموں کو عملی جامہ پہنائیں اور جو بھی پروگرام کمیٹی تشکیل دے گی عوام اس کا بھر پور تعاون کرے۔