سولہ کروڑ عوام فاٹا میں آپریشن کی حمایت کریں گے،وزیر اعظم ، سری نگر میں مسلمانوں کے جلوس پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں صحافیوں سے گفتگو

اتوار 29 جون 2008 13:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جون۔2008ء) وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک کے سولہ کروڑ عوام فاٹا میں امن وامان کی بحالی کے لئے فوجی آپریشن کی حمایت کریں گے پاکستان سری نگر میں مسلمانوں کے جلوس پر فائرنگ کی مذمت کرتا ہے صدر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب آئینی تقاضا ہے۔ وہ لاہور میں تحریک منہاج القرآن کے سربراہ علامہ طاہر القادری کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ کے موقعہ پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ صوبہ سرحد اور فاٹا میں فوجی آپریشن امن معاہدے توڑنے والوں کے خلاف ہوگا اور وفاقی حکومت اس سلسلے میں صوبائی حکومت اور گورنر کے فیصلوں کی حمایت کرے گی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ فاٹا میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے پہلے سیاسی مذاکرات، پھر ڈویلپمنٹ اور آخری آپشن طاقت کا استعمال ہوگا اور ملک کے سولہ کروڑ عوام حکومت کے اس فیصلے کی حمایت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب آئینی تقاضا ہے لیکن انہوں نے ابھی تک صدر پرویز مشرف کو اس سلسلے میں کوئی ایڈوائس یا سمری نہیں بھیجی۔ وزیراعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نیب کا ادارہ ختم نہیں کیا جارہا بلکہ آئینی پیکج کے ذریعے اس کا کردار تبدیل کیا جارہا ہے تاکہ اس میں سیاسی مداخلت ختم ہوسکے۔