لاہور ہائیکورٹ نے اپیل کے فیصلے تک فاسٹ بولر شعیب اختر پر عائد پابندی ختم کردی، ستر لاکھ روپے جرمانے کی سزا بر قرار رکھنے کا فیصلہ، چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کو فتح دلوانے کی خواہش ہے ،شعیب اختر

جمعہ 4 جولائی 2008 14:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4جولائی۔2008ء) لاہور ہائیکورٹ نے فاسٹ بولر شعیب اختر کی اپیل کے فیصلے تک پابندی ختم کرنے اور ستر لاکھ روپے جرمانے کی سزا بر قرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید زاہد حسین نے ایک گھنٹے کی سماعت کے بعد شعیب اختر کے حکم امتناعی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اپیل کا فیصلہ آنے تک شعیب اختر پر عائد پابندی اٹھانے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

دوران سماعت پی سی بی کے وکیل تفضل حسین رضوی کی جانب سے شعیب اختر کے سابقہ ڈسپلن کی خلاف ورزیوں پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس زاہد حسین نے فاسٹ بولر کو ڈسپلن بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ دوسری جانب شعیب اختر کے وکیل عابد حس منٹو نے سماعت کے دوران عدالت کو بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے پاس کسی بھی کھلاڑی پر پابندی عائد کرنے کیلئے کوئی قانون موجود نہیں۔

پابندی کی معطلی کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو میں شعیب اختر نے کہا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے سے انہیں اطمینان ملا ہے اور وہ چیمپینز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کو فتح دلوانے کے خواہش مند ہیں۔ شعیب اختر نے گذشتہ دو ماہ کے دوران چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ڈاکٹر نسیم اشرف کے تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :