غریب عوام کو ریلف فراہم کرنا موجودہ مخلوط حکومت کی اولین ترجیح اور مشن ہے ۔ ڈپٹی سپیکرسرحد اسمبلی

جمعہ 4 جولائی 2008 15:13

پشاور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین04جولائی2008 ) سر حد اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر خوشدل خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ غریب عوام کو ریلف فراہم کرنا موجودہ مخلوط حکومت کی اولین ترجیح اور مشن ہے ․کیونکہ ملک کی عوام غربت کی جس چکی میں پس رہے ہیں ان کو اس عذاب سے نکالنا حکومت کی ذ مہ داری ہے انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں بیت ا لمال کا ادارہ جو گراں قدر خدمات دے رہا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ․ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے حجرے بڈھ بیر پشاور میں نادار ،مفلس اور غریب طبقے کی داد رسی کیلئے بیت المال پشاور کی جانب سے امدادی چک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا․ تقریب میں بیت المال پشاور کے ضلعی آفیسر شجاعت جاوید ، ڈپٹی سیکریٹری اسمبلی غلام سرور کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی․ ڈپٹی سپیکر خوشدل خان ایڈووکیٹ نے کہاکہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں غربت اور افلاس کی شرح کافی زیادہ ہے اور عوام تنگ دستی کی وجہ سے عاجز آچکے ہیں انہوں نے بیت المال حکام پر زور دیا کہ وہ مفلس افراد کی امداد کے طریقہ کار کو مزید سہل اور آسان بنائیں تاکہ ملک و قوم کی بے سہارا اور بے بس عوام کی دادرسی میں کوئی مشکل درپیش نہ ہو اور عوام امدادی چیک کے حصول میں دقت محسوس نہ کریں ․ ڈپٹی سپیکر خوشدل خان ایڈووکیٹ نے کہاکہ غریب عوام کی مدد ایک عبادت کا درجہ رکھتی ہے لہذا مذکورہ ادارہ اس عمل کو شفاف بنانے میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھے اور غرباء تک رسائی میں اپنی تمام تر صلاحیتیں برؤے کار لائیں․قبل ازیں ڈپٹی سپیکر خوشدل خان ایڈووکیٹ نے غرباء میں امدادی چیک تقسیم کئے-

متعلقہ عنوان :