پاکستان میں مخلوط حکومت چلانا آسان نہیں، عوام کے بے شمار مسائل کو حل کرنے میں وقت لگے گا، گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی لاہور میں صحافیوں سے گفتگو

پیر 7 جولائی 2008 14:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جولائی۔2008ء) گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں مخلوط حکومت چلانا آسان نہیں، عوام کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے جنہیں حل کرنے میں وقت لگے گا۔ گورنر ہاؤس میں ملتان شہر اور ضلع کے عوام کے مسائل جاننے کے حوالے سے کھلی کچہری میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وہ پیپلزپارٹی کے گورنر ہیں اور ان کے دروازے پیپلزپارٹی کے کارکنوں سمیت صوبے کے عوام کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ انہیں اب تک کھلی کچہریوں کے دوران انیس سو درخواستیں ملی ہیں، جن میں سے چالیس فیصد پر عمل درآمد ہو اہے اور اس ضمن میں درخواست گزاروں کو پیش رفت سے باخبر رکھا جارہا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں سلمان تاثیر نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کو پنجاب میں شکست نہیں ہوئی ، اتحادی جماعت مسلم لیگ نواز سے طے پانے والے فارمولے کے مطابق دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے حصے کی نشستیں جیتی ہیں۔ دبئی میں آصف زرداری سے اپنی ملاقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ معمول کی ملاقات تھی جس میں انہوں نے پارٹی کے شریک چئیر مین سے صوبے میں پارٹی اور عوام کے مسائل کے حوالے سے گائیڈ لائن حاصل کی۔