افغانستان میں بھارتی سفارت خانے پر حملے میں بھارت اور انڈونیشیا کے 4سفارتکاروں سمیت 44افراد ہلاک اور 174زخمی ، دہشتگردی کہیں بھی ہو پاکستان اس کی مذمت کرتا ہے ، شاہ محمود قریشی

پیر 7 جولائی 2008 16:53

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7جولائی۔2008ء) افغانستان میں بھارتی سفارت خانے پر حملے میں بھارت اور انڈونیشیا کے چار سفارتکاروں سمیت چوالیس افراد ہلاک اور ایک سو چوہتر زخمی ہوگئے جبکہ پاکستان نے واقعہ کی مذمت اور ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ نئی دہلی میں وزارت خارجہ نے واقعہ کی تصدیق کی ہے ۔ افغان وزارت داخلہ کے مطابق خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی سفارتی کمپلیکس میں واقع بھارتی سفارت خانے کے مرکزی دروازے سے ٹکرادی ۔

افغان وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے میں چوالیس افراد ہلاک اور ایک سو چوہترزخمی ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے ۔ ہلاک ہونیوالوں میں بھارت کے دفاعی اتاشی اور ایک سفارتکار بھی شامل ہیں۔ ادھر انڈونیشیا نے کہاہے کہ دھماکے میں اسکے دو سفارتکار اور پانچ افغان محافظ بھی ہلاک ہوگئے جبکہ سفارتخانے کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

انڈونیشی صدر سوشیلو بمبانگ نے حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ نئی دہلی میں بھارتی وزارت خارجہ نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔امریکا کی جانب سے بھی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔ افغان حکومت نے کہا ہے کہ اس واقعے میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہے ۔ وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں بھارت کے سفارت خانے پر حملے کی مذمت اور ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کہیں بھی ہو پاکستان اس کی مذمت کرتا ہے ۔