خیبر ایجنسی ،باڑہ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ، 4سیکورٹی اہلکار جاں بحق ،8زخمی۔خیبر ایجنسی میں قیام امن کیلئے قائم جرگے کو حاجی منگل باغ نے حکومتی عملداری کو تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرا دی

منگل 8 جولائی 2008 21:15

باڑہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جولائی۔2008ء) خیبر ایجنسی کے علاقے باڑہ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ سے چار سیکیورٹی اہلکاروں کے جاں بحق اور آٹھ کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق فورسز کی جوابی کارروائی میں شرپسندوں کی ایک گاڑی قبضے میں لے لی گئی ہے ۔ خیبر ایجنسی میں پولیٹیکل انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کردی ہے لیکن تفصیلات فراہم نہیں کی۔

ادھر خیبر ایجنسی میں قیام امن کیلئے قائم جرگے کو لشکر اسلام کے امیر حاجی منگل باغ نے حکومتی عملداری کو تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے تاہم منگل باغ نے اس حوالے سے ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہاہے کہ قبائلی روایات میں قول اور زبان دینے سے زیادہ اہم چیز کوئی نہیں ۔قبائلی جرگے نے گزشتہ روز وادیء تیراہ کے دور افتادہ علاقے اکا خیل میں حاجی عمر گل کی قیادت میں 18رکنی جرگے سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

اس دوران منگل باغ نے حکومتی عملداری تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ خلوص دل سے جرگے کو انتظامیہ سے مذاکرات کرنے اور آگے کیلئے کوئی فیصلہ کرنے کاکہتے ہیں اور مذاکرات کامیاب ہونے پر کوئی فیصلہ کیا جائیگا تاہم انھوں نے اس حوالے سے ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ قبائلی روایات میں قول اور زبان دینے سے زیادہ اہم کوئی چیز نہیں ۔انھوں نے کہا کہ ان کی طرف سے حکومت کوکوئی رکاوٹ نہیں ہو گی۔جرگہ تیراہ سے پشاور پہنچ گیا ہے اور اب دوبارہ پولیٹیکل انتظامیہ سے ملاقات کریگا۔

متعلقہ عنوان :