شاہ محمود قریشی امریکہ روانہ ہو گئے،10جولائی کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کریں گے

منگل 8 جولائی 2008 23:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8جولائی۔2008ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی منگل کو اقوام متحدہ کے حکام سے بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کے لیے دی جانے والی درخواست پر بات چیت کے لیے امریکہ روانہ ہو گئے ۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے گزشتہ برس ستائیس دسمبر کو محترمہ بینظیر بھٹو کی راولپنڈی کی ایک انتخابی ریلی میں شہادت کے بعد اس کی تحقیقات اقوام متحدہ سے کروانے کا اعلان کیا تھا۔

حکومت میں آنے کے بعد پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی سے اقوام متحدہ کے ذریعے اس قتل کی تحقیقات سے متعلق ایک قرار داد منظور بھی کروائی تھی۔

(جاری ہے)

سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ دس جولائی کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات میں درخواست پر پیش رفت پر بات کریں گے۔ شاہ محمود قریشی تحقیقات کے سلسلے میں راہ ہموار کرنے کی غرض سے سلامتی کونسل کے اراکین ممالک کے نمائندوں سے بھی ملیں گے۔

اس کے علاوہ وہ سلامتی کونسل کے افغانستان سے متعلق ایک اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔ پاکستانی وزیرِ خارجہ گیارہ جولائی کو واشنگٹن کا ایک روزہ دورہ کریں گے جس میں وہ اپنی امریکی ہم منصب کونڈالیزا رائس، اراکین کانگرس، سینئر امریکی اہلکاروں اور پاکستانی برادری سے ملاقاتیں کریں گے۔