ہنگو۔زرگری میں عسکریت پسندوں کی گاڑی پر سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ ۔5شدت پسند ہلاک ۔3زخمی۔زرگری میں آپریشن کے دوران 10 عسکریت پسند ہلاک ہو ئے ،ترجمان پاک فوج۔جنوبی وزیرستان کے علاقے کاروان مانزہ سے 3 افراد کی لاشیں برآمد

جمعہ 18 جولائی 2008 14:34

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی۔2008ء) ہنگو کے علاقے زرگری میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دس عسکریت پسند ہلاک اور پانچ سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو ئے ۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہنگو میں جاری آپریشن کے دوران اب تک دس عسکریت پسند وں کو ہلاک کردیا گیا ہے جبکہ کارروائی کے دوران پانچ سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہو ئے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر غیر ملکی خبررساں ادارے نے سرکاری عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ زرگری میں عسکریت پسندوں کیخلاف ہیلی کاپٹر کی شیلنگ سے پانچ عسکریت پسند مارے گئے جبکہ تین جنگجو زخمی بھی ہوئے ہیں ۔زرگری میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے جہاں مشتبہ عسکریت پسندوں کو تلاش کیا جارہا ہے ۔ ہنگو میں مکمل کرفیو ہے تاہم گاڑیوں کو آمدورفت کی اجازت دی گئی ہے ۔ادھر جنڈولہ کے مختلف علاقوں میں بھی سیکیورٹی فورسز سرچ آپریشن کررہی ہیں جبکہ جنوبی وزیرستان کے علاقے کاروان مانزہ سے 3 افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں جاسوسی کے الزام میں قتل کیا گیا ۔