صوبوں کا پانی کے حصے میں پندرہ فیصد کمی کا ارسا کا فیصلہ قبول کر نے سے انکار

پیر 28 جولائی 2008 20:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جولائی۔2008ء) چاروں صوبوں نے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا)کی طرف سے پانی کے حصے میں 15فیصد کمی کا فیصلہ قبول کر نے سے انکار کر دیا ہے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کا اجلاس پیر کے روز وفاقی دارلحکومت میں چےئرمین بشیر ڈاہر کی سربراہی میں ہوا۔ اجلا س میں چاروں صوبوں کے نمائندوں اور سیکرٹریز آبپاشی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث شمالی علاقہ جات اور پہاڑوں پر درجہ حرارت کم رہنے کی وجہ سے پہاڑوں پر برف کے پگھلنے عمل سست روی کا شکار رہا ہے جس کے باعث انڈس ریور سسٹم میں پانی کابہاؤ پانچ لاکھ کیوسک سے کم ہو کر2 لاکھ81ہزار کیوسک ہے ۔ جبکہ ڈیموں میں پانی کے ذخائر 8.2ملین فٹ ہیں جبکہ دریاوں میں پانی کا بہاؤ کم ہونے کے باعث امسال بھی ضرورت کے مطابق پانی ذخیر ہ نہیں کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

ارسا نے تجویز دی کہ پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے صوبوں کے کوٹہ میں پندرہ فیصد کمی کرنا پڑے گی۔ جس پر صوبہ پنجاب اور سندھ کے نمائندوں نے موقف اختیارکیا کہ پانی کی فراہمی میں کمی کی صورت میں چاول اورکپاس کی فصلیں متاثر ہونگی ۔جبکہ بلوچستان اور سرحد نے بھی پانی کے کوٹہ میں کمی کی تجویز کی مخالفت کی ۔ ارسا ذرائع کے مطابق پنجا ب کو اس وقت ایک لاکھ25 ہزار کیوسک جبکہ سندھ کو ایک لاکھ 85 کیوسک فٹ پانی کی ضرورت ہے جبکہ پنجاب کو ایک لاکھ گیارہ ہزار اور سند ھ کو ایک لاکھ بتالیس ہزار کیوسک فٹ پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

سندھ کوطے شدہ کوٹہ سے 43ہزار کیوسک فٹ کم پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔صوبوں کے احتجاج پر چےئرمین ارسا بشیر ڈاہر نے صوبوں کو پانی کی تقسیم کا نیا منصوبہ آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی اور یقین دلایا کہ صوبوں کو آبی ذخائر سے مطلوبہ مقدار میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال بھی آبی قلت کے باعث صوبوں کو پانی کی فراہمی کے باعث آبی ذخائر میں پانی کی مطلوبہ مقدار ذخیرہ نہیں ہو سکی تھی ۔

جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث امسال بھی آبی ذخائر میں مطلوبہ مقدار سے کم پانی ذخیرہ ہونے کا خدشہ ہے جس کے اثرات زرعی اور بجلی کی پیداوار پر بھی پڑیں گے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ اور بالائی پاکستان میں پندرہ اگست سے مون سون کی بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے جس کے بعد آبی ذخائر اور دریاوں میں پانی کا بہاؤ بہتر ہونیکا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :