جموں ریلوے لائن پر کام بند،بانہال سے ادھم پور تک ٹنلوں میں پانی بھر گیا،سروے دوبارہ شروع

منگل 29 جولائی 2008 13:59

جموں(این این آئی) جموں سرینگر ریلوے لائن پر ادھم پور سے بانہال تک چل رہے کام کو روک دیا گیا ہے کیونکہ4 ٹنلوں میں کافی مقدار میں پانی بھر آنے سے اس ٹریک پر اب دوبارہ کام نہیں ہوگااور ریلوے لائن کو دوسری طرف موڑنے کیلئے دوبارہ سروے کا کام شروع کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جموں سرینگر ریلوے پر اس وقت کام روک دیا گیا ہے جب ناردرن ریلوے کی طرف سے فکان اور دوسری کمپنیوں کو کام روکنے کا نوٹس د یا گیا ۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جموں سرینگر ریلوے کا سروے غلط ہونے کی وجہ سے لائن میں متعدد جگہوں پرخرابی پیدا ہو گئی ہے جس کی بناء پرکام کو روک دیا گیا ہے اوراب لائن پر دوبارہ سروے کر کے کام شروع کیا جائے گا ۔ جونہی نوٹس کی اطلاع گول سنگلدان علاقے کے لوگوں کو مل گئی،جہاں پر جموں سرینگر ریلوے کا سب سے بڑا اسٹیشن بن رہا ہے، تو سینکڑوں مزدوروں اور ڈرائیوروں میں تشویش کی لہر دوڑگئی اورانہوں نے سڑکوں پر آکرسنگلدان میں ریلوے کیخلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے کام کو فوری طور شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

ریلوے ذرائع کے مطابق یہ کام ادھم پور سے آگے ، ریاسی ،ارناس ،جڈا، سنگلدان اور بانہال سے پہلے آنے والے جگہوں پر تکنیکی خامیوں کی وجہ سے روک دیا گیا ہے ۔ کشمیر عظمیٰ کیساتھ بات کرتے ہوئے سنگلدان کے لوگوں نے کہا کہ اس وقت ریلوے لائن پر تقریباً 25 فیصدکام مکمل ہو چکا ہے حالانکہ لوگوں کی اراضی بھی لائن کے بیچوں بیچ آئی ہے اور بہت سارے مکانات بھی آئے ہیں لیکن لوگوں نے ان ساری مصیبتوں کا سامنا کیا تاہم اب اس پر کام بند کر دیا گیا ہے جس کی پہلے کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ مقامی مزدور وں کے علاوہ لوگوں میں تشویش پائی جا رہی ہے کیونکہ ان کی سینکڑوں کنال اراضی نہ تو اب کاشت کے لائق رہی ہے اور نہ ہی وہ ان جگہوں کواب رہائشی مقاصدکیلئے استعمال کر سکیں گے۔ کشمیر عظمیٰ نے جب سنگلدان میں افکان کے ایک اعلیٰ آفیسر کرنل سنگھا سے بات کی تو انہوں نے کہا”اصل میں جموں سرینگر ریلوے لائن پر ادھمپور کے پاس ٹنل نمبر 1,2,3, کے علاوہ سنگلدان میں بھی ٹنل میں خرابی ہوئی ہے،لہٰذا ٹیم سروے کر رہی ہے کہ کہاں کہاں پرخرابی پیدا ہو رہی ہے اور اس حوالے سے ایک دو دن میں رپورٹ پیش ہو گی “۔

انہوں نے کہا کہ زمین مٹیلی ہے اور ٹنلوں میں پانی بھر گیا ہے اس لئے یہ ٹنل کامیاب نہیں رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ناردرن ریلوے کی طرف سے اس پر کام روکنے کا نوٹس جاری ہوا ہے اس لئے کام مکمل طور پر روک دیا گیا ہے “۔انہوں نے مزید کہا کہ ”چند دنوں میں یہ معلوم ہو گا کہ کیا اسی لائن پر دوبارہ کام شروع کیا جائے گا یا اس لائن کو تبدیل کیا جائے گا “۔جموں سرینگر ریلوے پر متعدد جگہوں پر خرابی پیدا ہونے پر عوام نے اپنی سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کامطالبہ کیا ہے-

متعلقہ عنوان :