سوات، گولہ باری اور گن شپ ہیلی کاپٹروں کی فائرنگ سے 25 طالبان اور22 شہریوں سمیت47 سے زائد افراد جاں بحق۔۔ مالم جبہ وادی میں دو گرلز پرائمری سکول، چار باغ کے علاقے عالم گن میں گرلز مڈل سکول نذر آتش ،مٹہ میں پل بم سے اڑا دیا گیا۔ آپریشن میں حصہ لینے کیلئے ایف سی کے تازہ دم دستے مٹہ اور کبل پہنچ گئے،ضلع بھر میں کرفیو نافذ ، بیشتر علاقوں میں بجلی اور پانی کی فراہمی معطل۔ (اپ ڈیٹ2)

جمعرات 31 جولائی 2008 22:31

سوات(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین31 جولائی2008 ) سوات میں عسکریت پسندوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوسرے دن گولہ باری اور گن شپ ہیلی کاپٹروں کی فائرنگ سے 25 طالبان اور22 شہریوں سمیت47 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے۔ سوات میں آپریشن راہ حق کا دوسرا مرحلہ جاری ہے۔ جمعرات کوکارروائی کے دوسرے دن سکیورٹی فورسز کا فائر کردہ مارٹر گولہ تحصیل کبل کے علاقے دیوئی میں ایک گھر پر گرا۔

جس میں ایک ہی خاندان کے دو بچوں اور خاتون سمیت سات افراد جاں بحق ہو گئے۔ مرنے والوں میں گھر کا سربراہ اور مقامی مسجد کے پیش امام فصیح ان کا بیٹا ڈاکٹر طاہر، نواسہ زین العابدین، بیٹی خالدہ ظریف اور دو بچے شامل ہیں۔ کبل ہی کے علاقہ سکئی میں ایک اور گھر میں مارٹر گولہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

مرنے والوں میں احمد، زیب، ارشد، سلمیٰ، احمد، سدرہا ور بشریٰ شامل ہیں۔

تحصیل مٹہ کے علاقہ شنگوئی میں گزشتہ روز گن شپ ہیلی کاپٹروں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے چودہ میں سے دو افراد غنی الرحمان اور کریم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ مٹہ پولیس اسٹیشن کے قریب تین افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ چھوٹا کالام کے علاقے میں گن شپ ہیلی کاپٹر نے طالبان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پانچ طالبان اور دو مقامی افراد جاں بحق ہو گئے۔

کبل کے بالائی علاقوں میں گولہ باری سے 20 طالبان ہلاک ہوگئے۔ تحصیل مٹہ کے علاقہ بوڈ بگرام اور لنڈے میں بھی دو افراد ہلاک ہوگئے۔ کبل پولیس اسٹیشن اور وانئی چیک پوسٹ پر طالبا ن نے حملہ کیا۔سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی پر طالبا ن فرار ہوگئے۔طالبان کے ترجمان نے ایف ایم ریڈیو پر سکیورٹی فورسز کے متعدد اہلکار ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تاہم پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ نے واضح کیا ہے کہ جمعرات کو سیکورٹی فورسز کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔دریں اثناء سوات مختلف واقعات میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ چودہ زخمی سیدو شریف اسپتال لائے گئے میڈیا کے نمائندوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے آپریشن والے علاقوں میں لے جانے والے ہیلی کاپٹر پر طالبان نے فائرنگ کی جس کے بعد پائلٹ ہیلی کاپٹر واپس لے آیا۔

ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کے بعد کور کمانڈر سرحد کا دورہ سوات ملتوی کر دیا گیا۔ طالبان نے مالم جبہ وادی میں دو گرلز پرائمری اسکول، چار باغ کے علاقے عالم گن میں گرلز مڈل اسکول نذر آتش کر دیا۔ مٹہ کے علاقے خریذئے میں ایک پل بم سے اڑا دیا گیا۔ شکردرہ اور چپریال میں طالبان نے مین سڑکیں بھاری پتھر ڈال کر بدھ کے روز سے بند کر رکھی ہیں۔ گولہ باری سے مختلف علاقوں میں درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

تحصیل مٹہ اور کبل کے بیشتر علاقوں میں بجلی اور پانی کی فراہمی معطل ہے۔ شدت پسندوں نے مٹہ کے علاقہ خرے ڑ ئی میں دھماکا خیز مواد سے پل تباہ کر دیا ۔ دوسری جانب سوات آپریشن میں حصہ لینے کے لیے فرنیٹیر کور کے تازہ دم دستے مٹہ اور کبل پہنچ گئے ۔ نواکلے میں پولیس نے چھاپوں میں پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع بھر میں جمعرات کی صبح دس بجے سے بارہ بجے تک دوگھنٹے کے وقفے کے بعد دوبارہ کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے ۔