مریخ پر یخ بستہ پانی کی تصدیق ہو گئی

جمعہ 1 اگست 2008 12:39

نیو یارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔1اگست 2008ء) امریکی خلائی ادارے ناسا نے کہا کہ مریخ پر موجود خلائی گاڑی فِینکس نے تصدیق کی ہے وہاں پانی کی موجودگی کا ثبوت موجود ہے۔ سائنسدانوں کو کافی عرصے سے یہ تو یقین تھا کے مریخ پر برف موجود ہے۔ فِینکس سے یہ تصدیق کروانی تھی کہ آیا یہ برف پانی کی ہے یا کسی اور چیز کی جیسے کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ۔ فِینکس نے جو برف کے نمونے حاصل کیے وہ مریخ کی سطح سے گاڑی پر لائے جانے کے بعد پانی میں تبدیل ہو گئے۔

(جاری ہے)

تاہم سائنسدانوں نے متنبہ کیا ہے کہ اس کا یہ مطلب نہ لیا جائے کہ مریخ کی سطح پر کبھی برف مائع شکل میں موجود تھی یا یہ کہ مریخ کا ماحول اس بات کی اجازت دیتا تھا۔ یہ معلوم کرنے کے لیے مزید تجربات کی ضرورت ہوگی۔ فِینکس کے ذریعے ملنے ان معلومات کے بعد اب سائنسدان یہ معلوم کرنے کی کوشش کریں گے کہ آیا سرخ سیارے یعنی مریخ پر کبھی زندگی ممکن تھی یا آئندہ ایسا ممکن ہوگا۔ فِینکس کو ابتدائی طور پر سطح سے حاصل کیے گئے نمونے مشینی بازو سے اس کے ساتھ منسلک تجربہ گاہ تک منتقل کرنے میں مشکل پیش آ رہی تھی۔ اس خرابی کے دور ہونے کے بعد اب فِینکس کا مِشن ستمبر کے آخر تک جاری رہیگا۔واضح رہے کہ فِینکس 25جون کو مریخ پر اتری تھی۔

متعلقہ عنوان :