ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ۔سب سے زیادہ بارش حیدرآباد میں اکیاسی ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے بلند ہوگئی

اتوار 3 اگست 2008 12:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اگست۔ 2008ء) ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔کراچی ، حیدرآباد ، بدین، ٹھٹھہ ، شہداد پور ، خیر پور ، جیکب آباد ، کشمور شہداد کوٹ اور سندھ کے دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کی اطلاعات ہیں۔کراچی میں گذشتہ رات شروع ہونے والی بارش کاسلسلہ جاری ہے ،شہرکے بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ،جبکہ کئی علاقوں میں نکاسی آب نہ ہونے کے باعث بارش کا پانی کھڑا ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

حیدرآباد کے متعددعلاقوں میں بھی بجلی بند ہے جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں ۔ادھر پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے مختلف علاقوں اور تونسہ میں سیلابی ریلوں کے باعث درجنوں دیہات زیر آب آگئے ہیں اورہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔ راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے بلند ہونے کے بعد اسپل وے کھول دیئے گئے ہیں ۔ کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے ۔سرحد کے بھی مختلف علاقوں سے بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :