ملک بھرکے دریاوٴں میں پانی کی سطح تبدریج بلند ہورہی ہے ، محکمہ موسمیات

منگل 5 اگست 2008 17:12

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین05 اگست2008 ) ملک میں گزشتہ چار روز سے جاری شدید بارشوں کے نتیجے میں دریاوٴں اور آبی ذخائر میں پانی کی سطح بتدریج بلند ہورہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال سے آنے والا مون سون نظام کشمیر، پنجاب اور صوبہ سرحد میں شدید بارش کا باعث بن رہا ہے۔ مون سون کا ایک اور سسٹم بھارتی ریاست مدھیہ پردیش سے پنجاب میں داخل ہورہا ہے جس کے نتیجے میں اگلے 24 گھنٹوں تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

لاہور، گوجرانوالہ، وزیر آباد، سیالکوٹ سمیت نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ فلڈ وارننگ سینٹر لاہور کے مطابق کوہ سلیمان میں بارش کے نتیجے میں کہا نالے سے 70 ہزار کیوسک، چھاچھڑ نالے سے40ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزرے گا۔ چھاچھڑ نالے کا فیلہ تحصیل راجن پور، جام پور اور روجھان کے علاقوں سے بھی گزرے گا۔

(جاری ہے)

ان علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سیالکوٹ کے نزدیک ڈیک نالے اور بھیڑ نالے میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہورہی ہے۔ پسرور میں نالہ پلکوں اور نالہ اپیک میں بھی طغیانی ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا اور گدو، دریائے کابل میں نوشہرہ، دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادرآباد میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ واضح رہے کہ تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی سطح اضافے سے بالترتیب 1518 اور 1203 فٹ تک پہنچ چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :