صدر کو باعزت راستہ دینے کیلئے تیار تھے وہ آمادہ نہیں ہوئے ، شاہ محمود قریشی ۔۔۔۔آئندہ صدر کا اعلان اتحادیوں سے مشورے کے بعدکیا جائیگا ،ڈاکٹر عافیہ کا مسئلہ حل ہو جائیگا ، صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 9 اگست 2008 11:54

ملتان(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین09 اگست2008 ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ صدر کے خلاف مواخدہ کی تحریک کا مقصد جمہوریت اور پارلیمنٹ کو مضبوط اور بااختیار بنانا ہے‘ صدر کو باعزت راستہ دینے کیلئے تیار تھے لیکن وہ خود رخصتی پر آمادہ نہیں ہوئے  آئندہ صدر کا اعلان اتحادیوں سے مشورے کے بعد کیا جائیگا ،ڈاکٹر عافیہ کا مسئلہ حل ہو جائیگا ، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر کے پاس اب بھی باعزت راستہ موجود ہے‘ فیصلہ ان کے ہاتھ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب لوگ بھی پریشان تھے کہ ان کے مسائل پر توجہ دی جائے لیکن کچھ قوتیں ایسی تھیں جوکہ پس پردہ موجودہ نظام کے خلاف کام کرکے حالات کو خراب کر رہی تھیں۔ اس لئے یہ آئینی اور قانونی راستہ اختیار کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہا کہ سیاست میں مشاورت ہوتی ہے اس میں اختلاف رائے ہو سکتا ہے جمہوریت میں صبر بھی کرنا پڑتا ہے لیکن اتحادیوں کی منزل ایک ہی ہے اور اب ہمارے پاس مواخذہ کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے اتحادیوں سے بھرپور مشاورت کی ہے اور جو قوتیں پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی چاہتی ہیں ان سے بدستور مشاورت جاری ہے اور کی بھی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم آئین میں دی گئی حدود کے اندر رہ کر کام کر رہے ہیں اس لئے تمام ملکی اداروں کو بھی آئینی حدود کا احترام کرنا چاہیے اور فوج بھی آئینی حدود کا احترام کرے گی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ جیسے ہی ہمارے علم میں آیا ہم نے اپنے سفارتخانے کو ان سے رابطہ کرنے‘ ان کی خیریت کے بارے میں ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ وہاں کے اپنے قوانین ہیں ان کے مطابق کام کرکے ڈاکٹر عافیہ کا مسئلہ حل ہو جائے گاایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی سیاسی قوتوں سے پرامید ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ ہوں گی اور جو تعداد ہمیں درکار ہے وہ میسر ہوگی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آئندہ صدر کے بارے میں اتحادیوں میں مشاورت ہوئی بھی ہے لیکن جب اس کا مرحلہ آئے گا تو پھر مشاورت سے اس کا اعلان کیا جائے گا۔