انگور اڈا پر حملہ،قومی اسمبلی نے مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی،انگور اڈہ میں امریکی اتحادی افواج کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پاکستانی حدود میں حملے شرمناک اور ناقابل تلافی عمل ہے ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا قومی اسمبلی میں پالیسی بیان۔اپ ڈیٹ

جمعرات 4 ستمبر 2008 15:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4ستمبر۔2008ء) قومی اسمبلی نے انگور اڈہ پر اتحادی افواج کے حملے اور بے گناہ افراد کی ہلاکت پر متفقہ مزمتی قرار داد منظور کر لی۔جبکہ فاٹا کے ارکان نے دھمکی دی ہے کہ ان علاقوں میں آپریشن بند نہ کیا گیا تو وہ صدارتی انتخاب کے بعد حکومتی اتحاد سے الگ ہو جائیں گے انگور اڈہ پر اتحادی افواج کے حملے اور بے گناہ افراد کی ہلاکت پر قرارداد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پیش کی ۔

قرارداد میں اس حملے کی شدید مزمت کی گئی اور واضح کیا گیا کہ یہ کاروائی بین الاقوامی اصولوں کے منافی ہے اور مستقبل میں ایسی کوئی کاروائی ہوئی تو اس کا جواب دیا جائے گا ۔ فاٹا سے رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی نے قبائلی علاقوں میں جاری آپریشن اور انگور اڈہ پر اتحادی افواج کے حملے کی شدید مزمت کی اور اعلان کیا کہ اس اپریشن کے خلاف فاٹا کے قومی اسمبلی اور سینٹ کے اراکین پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اصف علی زرداری کو ووٹ نہیں دیں گے اورآپریشن بند نہ ہوا تو وہ صدارتی انتخاب کے بعد حکومتی اتحاد سے الگ ہو جائیں گے اس موقع پر فاٹا کے اراکین نے ایوان سے واک آوٴٹ بھی کیا ۔

(جاری ہے)

ادھروزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انگور اڈہ میں امریکی اتحادی افواج کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے انہوں نے تصدیق کی کہ اتحادی افواج نے پاکستانی حدود میں کارروائی کی ہے جس کی پاکستان شدید الفاظ میں مذمت کر تا ہے ۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انگور اڈہ پر اتحادی افواج کا حملہ ناقابلِ معافی اور شرم ناک عمل ہے ۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انگور اڈہ میں بچوں اور خواتین سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم اتحادی ہے ۔ پاک افغان سرحد پر طالبان اور دیگر کی نقل و حرکت روکنے کیلئے پاکستان نے مختلف تجاویز پیش کی ہیں۔ اس سلسلے میں بائیو میٹرک نظام بھی پیش کیا گیا ہے ۔ قومی اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی ، پاکستان پیپلز پارٹی شیرپاوٴ گروپ کے آفتاب احمد خان شیرپاوٴ اور مسلم لیگ نواز کے رہنما احسن اقبال نے بھی انگور اڈہ پر اتحادی فوج کے حملے کی مذمت کی۔ اور اس بارے میں تحقیقات کا مطالبہ کیا۔