قبائلی علاقوں میں امریکی کارروائی کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا، شاہ محمود قریشی،صدر آصف زرداری دوبئی کے بعد اہم دورے پر اقوام متحدہ جائیں گے، میڈیا سے گفتگو۔اپ ڈیٹ

ہفتہ 13 ستمبر 2008 20:59

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر۔2008ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں میں حملوں کے حوالے سے پاکستانی حکومت کا امریکہ سے کوئی بھی معاہدہ نہیں ہواہے کہ امریکی پاکستانی سرحدوں میں کارروائی کریں۔ اسلام آباد سے ملتان آمد پر ایئرپورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موقف بڑا واضح ہے کہ جنگ جیتنے کے لئے پاکستان اور افغانستان کا تعاون بہت ضروری ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آرمی چیف کا جنگ بندی کا بیان حکومتی پالیسی کی وضاحت کر رہا ہے اور اس وقت منتخب لیڈر شپ اور فورسز کے درمیان مکمل طور پر ہم آہنگی موجود ہے۔ کشمیر ایشو کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ایشو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں اہم ترین ایشو ہے اوراس حوالے سے صدر نے پارلیمنٹری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں تمام جماعتوں کے سربراہوں کی مشاورت کے بعد پیش رفت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

صدر کے چین کے دورے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ صدر کی اولین خواہش تھی کہ وہ چین کا پہلا سرکاری دورہ کریں لیکن اس سلسلے میں دوست ملک کی آسانی کو بھی مد نظر رکھنا بہت ضروری ہے۔ تاہم صدر اس وقت نجی دورے پر دبئی اور پھر اہم میٹنگ کے سلسلے میں اقوام متحدہ کا دورہ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ حکومت موقف سے حلیف جماعتیں قائل ہو گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شمالی علاقہ جات میں صورت حال پر برطانیہ، فرانس اور دیگر نیٹو ممالک حکومت پاکستان کے ساتھ کئے گئے اقدامات کوتسلی بخش قرار دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ جنگ پاک افغان تعلقات اور یکساں سوچ سے اس پر کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔افغان وزیر خارجہ سے میری ملاقات ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ صد پاکستان آصف علی زرداری نے پاک افغان تعلقات کی بہتری کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی حلف برداری کی تقریب میں افغان صدر حامد کرزئی کو دعوت دی۔

ملک کی مجموعی صورت حال پر بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بحالی کے لئے بے انتہاء قربانیاں دی ہیں۔ کارکن ہمارا سرمایہ ہیں۔ عوام کو بہتر مستقبل کی نوید دیتے ہیں۔ دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔مشکلات ضرور ہیں مگر میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ پیپلز پارٹی وفاق کی جماعت ہے۔ ائیرپورٹ پر ان کے ہمراہ پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری تعلقات عامہ خواجہ رضوان عالم بھی موجود تھے۔