پنجاب میں تبدیلی میں اہم کردار ہوسکتا ہے،پرویز الٰہی ۔۔۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف نااہلی کے دو کیس عدالت میں زیرالتواء ہیں ،جلد فیصلہ ہوجائیگا ، نجی ٹی وی سے بات چیت

پیر 15 ستمبر 2008 11:36

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 15ستمبر 2008ء) مستعفی ہونے والے اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہاہے کہ پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کے حوالے سے ان کی جماعت اہم کردار اداکرسکتی ہے ،پنجاب حکومت صوبائی معاملات کو چلانے میں ناکام رہی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف نااہلی کے دو کیس عدالت میں زیرالتواء ہیں اور ان کا جلد فیصلہ ہوجائے گا۔

نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہی نے کہاکہ ان کی جماعت قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا کردار اداکرتی رہے گی البتہ پنجاب میں حکومت کی تبدیلی کے حوالے سے ان کی جماعت مستقبل میں اہم کردار اداکرسکتی ہے۔مستقبل میں پنجاب کے عوام کو ایک بہتر اور مثبت حکومت ملے گی۔پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کو حکومت اور وزارتوں کا کوئی شوق نہیں ،لیکن ملکی حالات کو بہتر بنانے کے لیے وفاقی حکومت جو پالیسیاں مرتب کرے گی مسلم لیگ ق اس سلسلے میں اس کا ساتھ دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملک کو درپیش مسائل پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔مسلم لیگ ق کے راہنما ء کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صوبائی معاملات کو چلانے میں ناکام رہی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف نااہلی کے دو کیس عدالت میں زیرالتواء ہیں اور ان کا جلد فیصلہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ق کی خواہش ہے کہ صوبے میں بہتری آئے اور عوام کے مسائل حل ہوں