پاکستان اپنی سرزمین پر غیر ملکی فوج کو آنے کی اجازت نہیں دے گا  حسین حقانی ،امریکہ ، نیٹو اور افغانستان اپنی سرحد کی جانب دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو خود کنٹرول کریں  انٹرویو

پیر 15 ستمبر 2008 13:44

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر۔2008ء) امریکہ میں متعین پاکستان کے سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر غیر ملکی فوج کو آنے کی اجازت نہیں دے گا امریکہ ، نیٹو اور افغانستان کو چاہیے کہ اپنی سرحد کی جانب دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو وہ خود کنٹرول کریں وائس آف امریکہ کو ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر کسی غیرملکی فوج کو کارروائی کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کاایک اہم اتحادی ہے اور اس نے اس جنگ میں کسی بھی ملک سے زیادہ جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں۔ حسین حقانی نے کہا کہ پاکستان افغانستان سے اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اپنے اس ہمسایہ ملک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے کام کررہا ہے۔

(جاری ہے)

صدر آصف زرداری کی حلف برداری کی تقریب میں افغان صدر کی شرکت اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ نئی جمہوری حکومت اپنے ہمسایہ ممالک سے تعلقات میں بہتری کے لیے سنجیدہ ہے۔

پاکستانی سفیر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ دہشت گردی کا موٴثر طورپر مقابلہ کرنے کے لیے ہر فریق کو اپنے حصے کی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ ، نیٹو اور افغانستان پر بھی اس سلسلے میں ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ دہشت گردوں سے نمٹنا صرف تنہا پاکستان کا ہی ذمہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے پر اعتماد اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کے نظام میں بہتری لاکر اس مسئلے سے موٴثر طور نمٹا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے علاقے میں طالبان اور القاعدہ کے خلاف کارروائی خود کرے گا اور امریکہ ، نیٹو اور افغانستان کو چاہیے کہ اپنی سرحد کی جانب دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو وہ خود کنٹرول کریں۔