افغان سرحد سے پاکستانی علاقوں میں کارروائی سے منفی اثرات مرتب ہونگے اس سے گریز کر نا چاہیے ، پاکستان اور برطانیہ کا اتفاق ، برطانیہ تجارت اور سکیورٹی سمیت تمام صوبوں میں پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا ،جیک سٹرا ، دہشت گردی کے خلاف تمام فریقوں کو ملکر کام کر نا چاہیے ، پاکستانی علاقے کی خلاف ورزیاں فوری بند کی جائیں ،وزیر اعظم ۔اپ ڈیٹ

منگل 16 ستمبر 2008 17:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر۔2008ء) پاکستان اور برطانیہ نے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ افغان سرحد سے پاکستانی علاقوں میں کارروائی سے منفی اثرات مرتب ہونگے اس سے گریز کر نا چاہیے جبکہ برطانوی وزیر قانون و انصاف جیک سٹرا نے کہا ہے کہ ان کا ملک تجارت اور سکیورٹی سمیت تمام صوبوں میں پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا اور وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف تمام فریقوں کو ملکر کام کر نا چاہیے  امریکہ اور نیٹو کی طرف سے پاکستانی علاقے کی خلاف ورزی فوری بند کی جائے  پاکستان میں جمہوریت کی بحالی میں برطانیہ کا کر دار اور تعاون قابل تحسین ہے  دونو ں ملک اہم تجارتی اورترقیاتی پارٹنر ہیں  برطانیہ یورپین مارکیٹوں تک آزادانہ تجارتی سمجھوتوں کے ذریعے رسائی میں تعاون کرے ۔

(جاری ہے)

منگل کو یہاں وزیر اعظم ہاؤس میں برطانوی وزیر قانون وانصاف جیک سٹرا سے ملاقات کے دور ان بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ حکومت کی اولین ترجیح ہے پاکستان کے مسلح افواج اور عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں عالمی برادری کو دہشت گردی کی وجوہات کا جائزہ لینا چاہیے اور سماجی و اقتصادی عدم مساوات کے خاتمے اور اہم سیاسی عالمی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت کثیر جہتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے کیونکہ ماضی کی حکمت عملی مطلوبہ نتائج کے حصول میں ناکام رہی ہے ۔

نئی حکمت عملی کے تحت سیاسی مذاکرات سماجی و اقتصادی ترقی اور سکیورٹی آپشن استعمال کئے جارہے ہیں ۔وزیر اعظم نے تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان مفاہمت اور تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ امریکہ اور نیٹو فوجیوں کی طرف سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی فوری طورپر بند ہونی چاہیے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کر نے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور ہر قیمت پر ہم جغرافیائی سالمیت اور یکجہتی کا دفاع کرینگے ۔

علاقائی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے وہ ایک مضبوط اورمستحکم افغانستان کا خواہاں ہے کیونکہ یہ ہمارے قومی مفاد میں ہے ۔انہوں نے کہاکہ جلد ہی جرگے کا اجلاس بلایا جائیگا جس میں امن کیطرف پیشرفت ہوگی وزیراعظم نے کہاکہ مشکل اور گنجان آباد سرحد ہونے کے باعث نقل و حرکت روکنا مشکل ہے لیکن پاکستان کی سکیورٹی فورسز انتہائی موثر کر دار ادا کررہی ہیں وزیر اعظم نے جیک سٹرا کو معزول ججوں کی بحالی کے مسئلے سے بھی آگاہ کیا اور کہاکہ ان کی حکومت ملک میں آزاد عدلیہ کے قیام کا عزم کئے ہوئے ہے اور اس جانب پیشرفت جاری ہے جیک سٹرا نے پاکستان کو برطانیہ کا ایک مضبوط ساتھی قرار دیتے ہوئے کہاکہ برطانیہ تجارت اورسکیورٹی سمیت تمام شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کا مسئلہ عالمی سطح پر افسوس ناک ہے پاکستان نے بہت سی مشکلات بر داشت کی ہیں جیک سٹرا نے وزیر اعظم سے اتفاق کیا کہ پاکستانی سرحد کی خلاف ورزی سے منفی اثرات مرتب ہونگے انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اپنے علاقے سے نیٹو قافلوں کو گزرنے کی اجازت دیتا رہیگا ملاقات میں وزیرقانون فاروق ایچ نائیک پاکستان میں برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر رائے کیلس اور یورپین اینڈ انٹر نیشنل ڈویژن کے سربراہ پیٹرک بورک سمیت دیگر حکام موجود تھے ۔