ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بیٹے کی بازیابی پر حکومت کا شکرگزار ہیں،ترجمان ڈاکٹر فوزیہ ، حکومت کی طرف سے پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے وعدوں کا پہلا قطرہ ہے،سعد سلیم ،حکومت نے ڈاکٹر فوزیہ کو میڈیا کے سامنے آنے سے روک دیا

منگل 16 ستمبر 2008 21:37

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بیٹے کی بازیابی پر حکومت کا شکرگزار ہیں،ترجمان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر۔2008ء) ڈاکٹر فوزیہ کے ترجمان سعد سلیم نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بیٹے محمد احمد کی بازیابی پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے منتخب سویلین حکومت کی طرف سے پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے پہلا قطرہ قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو جلد وطن واپس لایا جائے اور بتایا ہے کہ حکومت نے ڈاکٹر فوزیہ کو میڈیا کے سامنے آنے سے روک دیاہے ۔

وہ منگل کو اسلام آباد/راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔سعد سلیم نے کہا کہ ڈیفنس ہیومن رائٹس اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا خاندان ان کے بڑے بیٹے محمد احمد کی بازیابی پرصدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ،مشیر داخلہ رحمن ملک،سیکرٹری داخلہ کمال شاہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیااور امید ظاہر کی کہ حکومت اور اس کے وزراء کی طرف سے لا پتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرے گی اور ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنا کر لا پتہ افراد کو جلد ان کے خاندانوں نے ملائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکہ کی غیر قانونی تحویل سے رہا کرا کر جلد پاکستان واپس لائے ۔امریکہ کی طرف سے ڈیفنس ہیو من رائٹس کی چیئر پرسن آمنہ مسعود جنجوہ کا ویزہ مستر د ہونے کی مذمت کرتے ہوئے سعد سلیم نے اسے بزدلانہ عمل قرار دیا ۔آخر میں انہوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بیٹے کی بازیابی پر17کروڑ پاکستانی عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :