پاکستان اور چین کی دوستی میں آنے والے وقتوں میں مزید استحکام پیدا ہوگا ،چوہدری شجاعت ،بیجنگ پیرا اولمپکس میں پاکستانی کھلاڑیوں نے انعامات جیت کر پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کردیئے ہیں ،ظہرانے سے خطاب

منگل 16 ستمبر 2008 21:41

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر۔2008ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی مضبوط ہے اور آئندہ آنے والے وقتوں میں اس میں مزید استحکام پیدا ہوگا ، بیجنگ پیرا اولمپکس میں پاکستان کے کھلاڑیوں نے انعامات جیت کر پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کردیئے ہیں ، صدر آصف علی زرداری کو خطے کی صورتحال کے پیش نظر چین کا دورہ کرنا چاہئے ، انہوں نے یہ بات بیجنگ پیرا اولمپکس میں میڈل جیتنے والے پاکستانی کھلاڑیوں حیدر علی ، ناصر بٹ اور نادیہ کے اعزاز میں اپنی طرف سے دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، ظہرانے میں سینیٹر مشاہد حسین سید ،غوث بخش مہر ، انجینئر امیر مقام اور پاکستان نیشنل پیرا اولمپکس ایسوسی ایشن کے چیئر مین طارق مصطفی نے شرکت کی ، چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ گو کہ بیجنگ اولمپکس میں پاکستان کوئی نمایاں کارکردگی نہیں دکھا سکھا ، لیکن بیجنگ پیرا اولمپکس میں کھلاڑیوں نے کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل فخر ہے اور انہوں نے یہاں پاکستانی پرچم لہرا کر پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کردیئے ہیں ، چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ جن معزور کھلاڑیوں نے جس جرات اور ہمت میں جہاں مختلف گیمز میں مقابلے کئے ہیں اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں ، پاک چین دوستی کے حوالے سے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال اور مثالی ہے ، اور دونوں ممالک نے مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ 2005ء میں پاکستان میں جو زلزلہ آیا تھا ان کے متاثرین کی بحالی اور امدادی کاموں میں چین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور حال ہی میں چین میں جو زلزلہ آیا تھا ،اس میں چینی بھائیوں کی امداد کیلئے مسلم لیگ (ق) نے ادویات اور دیگر امدادی سامان بھجوایا تھا ، انہوں نے کہا کہ وہ چینی کیمونسٹ پارٹی کی دعوت پر پیرا اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے آئے ہیں ، انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ مستقبل میں پاک اور چین کی دوستی مزید مستحکم ہوگی اور صدر پاکستان آصف زرداری کو بھی جلد چین کا دورہ کرنا چاہئے ، تقریب میں چوہدری شجاعت حسین نے پیرا اولمپکس میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو اپنی جانب سے انعامات بھی دیئے ، چوہدری شجاعت حسین نے بیجنگ کے ایک مسلمانوں کے ہوٹل میں ظہرانا دیا جس میں بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام بھی شریک ہوئے۔