پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے انتخا ب کل ہونگے

بدھ 17 ستمبر 2008 15:55

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین17ستمبر2008 ) پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیر اہتمام پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے انتخابات کل یہاں لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہورہے ہیں۔انتخابات سے قبل مختلف گروپس کے اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں اور وزیر علی بھٹی اور چوہدری اعجاز گروپ نے الیکشن کا بائیکاٹ کررکھاہے۔اس سے قبل مقررہ مدت میں الیکشن نہ کرانے کی پاداش میں پاکستان کبڈی فیڈریشن نے پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن پر ایڈہاک لگادیا تھا جس کی پانچ رکنی کمیٹی نے 16ستمبر کو الیکشن کرانے کافیصلہ کیا تھا لیکن چند ناگزیر وجوہات کی بنا پر یہ انتخابات 18ستمبر کو کرانے کافیصلہ کیا گیا ہے۔

سیکرٹری فیڈریشن محمد سرور کا کہناہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ تمام گروپس ملکر پاکستان میں کبڈی کے فروغ کیلئے کام کریں تاکہ پاکستان میں کبڈی مزید ترقی کرے،اس کیلئے فیڈریشن نے ہمیشہ بھر پورکوشش کی ہے اور اب بھی وہ چاہتے ہیں کہ تمام فریق اختلافات ختم کردیں۔

(جاری ہے)

محمد سرور فیڈریشن کی جانب سے انتخابات میں آبزور کے طور پر شرکت کررہے ہیں۔دوسری جانب چوہدری اعجاز اور وزیر علی بھٹی نے مطالبہ کیا ہے یہ غیرقانونی الیکشن ہورہے ہیں جنہیں فوری طو رپر روک دینا چاہیے وہ اس کیلئے اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

چوہدری اعجاز نے کہاکہ وہ کبڈی کے فروغ کیلئے فیڈریشن کے ساتھ تعاون کرنے پر راضی ہیں تاہم پہلے قانونی طریقے استعمال کیے جائیں کیونکہ وہ کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہتے جس سے کبڈی کو نقصان پہنچے۔

متعلقہ عنوان :