میں کوئی سیاسی بیان نہیں دوں گا کیونکہ میں جب بھی کوئی بیان د یتا ہوں تو اس کے بعد زلزلہ آ جاتا ہے‘گورنر پنجاب سلمان تاثیر

جمعہ 19 ستمبر 2008 21:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2008ء) گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے کہا ہے کہ پاکستان جمہوریت پسند ملک ہے اور جمہوریت ہی پیپلز پارٹی کی جدوجہد کا حصہ ہے‘ انتہائی مشکل وقت میں پیپلز پارٹی نے چیلنجوں کو قبول کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا ہے۔ ملک ، عوام اور سوسائٹی کی خدمت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ میں کوئی سیاسی بیان نہیں دوں گا کیونکہ میں جب بھی کوئی بیان د یتا ہوں تو اس کے بعد زلزلہ آ جاتا ہے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پیپلز لائرز فورم کی جانب سے اپنے اور اٹارنی جنرل آف پاکستان سردار لطیف خان کھوسہ کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر کے موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے سردار لطیف خان کھوسہ ، میاں محمد جہانگیر ، شاہد محمود بھٹی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

سلمان تاثیر نے کہا کہ آج ملک کی تاریخ کا اہم ترین اور تاریخی دن ہوگا جس دن صدر مملکت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے ، انہوں نے کہاکہ بہت مدت بعد صدر ، وزیراعظم اور گورنر پنجاب کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے اور آج وہ شخص پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے جا رہا ہے جس نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد جب ملک میں ایک آگ لگی ہوئی تھی اس نے کھڑے ہو کر کھپئے پاکستان کا نعرہ لگایا۔

گورنر نے کہا کہ پاکستان کی بقاء سلامتی اور استحکام پیپلز پارٹی کی جدوجہد کا بنیادی حصہ ہے اور پاکستان کھپئے کا نعرہ لگانے والے شخص کا حق تھا کہ وہ صدر پاکستان منتخب ہوتا۔ اٹارنی جنرل آف پاکستان سردار لطیف خان کھوسہ نے کہاکہ ہمارے پارٹی قائدین نے ہمیں ذمہ داری سونپی ہے کہ کھپئے پاکستان کے مشن کو لے کر آگے چلنا ہے اور پاکستانی بن کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز لائرز فورم کے سینیٹر ایم ظفر کو سپریم بار کے الیکشن جتوائیں گے اور ہمیں سپریم کورٹ بار کا کوئی ایسا صدر نہیں چاہیے جو عدالت میں پیش ہی نہ ہوتا ہو اور صرف تماشا کرنا جانتا ہو۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت آئینی کرائسیس پیدا کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود تندہی کے ساتھ ججز کی بحالی کر رہے ہیں ۔ گزشتہ حکمرانوں نے جو آئینی پیوند کاری کی ہے اس لیے یہ مرحلہ کرائسیس میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تنقید کو نہ صرف برداشت کرتے ہیں بلکہ پسند بھی کرتے ہیں۔