امریکی مفاد کیلئے قبائل کیخلاف لشکر تشکیل دینے سے ملک میں خانہ جنگی ہو گی،مولانا فضل الرحمن

اتوار 19 اکتوبر 2008 16:55

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر۔2008ء) امریکی مفاد کیلئے قبائل کے خلاف لشکر تشکیل دینے سے ملک میں خانہ جنگی ہوگی،پارلیمنٹ کے ان کیمرہ بریفنگ کی باتیں منظر عام پر نہیں لائیں گے،امریکہ معاشی بحران کی وجہ سے دنیا میں نیا مالیاتی اتحاد بنا رہا ہے اور پاکستان کے معاشی بحران کی بڑی وجہ مالیاتی اداروں کے سربراہ کا آئی ایم ایف کا ملازم ہونا ہے ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے امور کشمیر کے چیئرمین اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی بات چیت کے دوران کیا۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ طالبان اور حکومت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔قومی لشکر تشکیل دینے سے مسائل حل نہیں ہونگے۔

(جاری ہے)

افغانستان میں امریکی اور نیٹو افواج کی موجودگی صرف افغانستان کا نہیں پورے خطے کا مسئلہ ہے اور اس کے حل کیلئے پاکستان‘افغانستان‘ایران‘چین‘عرب ممالک کے علاوہ خطے کے دیگر ممالک کو بھی اس کے حل کے بارے میں سوچنا اور اس کا حل تلاش کرنا ہوگا۔

پاکستان اور امریکہ کے مالیاتی بحران کے بارے میں سوال کے جواب میں مولانا نے کہا کہ امریکہ اپنے معاشی بحران کی آڑ میں نیا معاشی اتحاد بنانا چہاتا ہے اور پاکستان کے مالیاتی اداروں کے سربراہ آئی ایم ایف کے ملازم ہیں اور ویہ اس کے اصل ذمہ دار ہیں۔ڈیرہ کی کمشنری کی بحالی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ضلع ڈیرہ کی کمشنری جلد بحال کر دی جائے گی اور اس ضمن میں صوابائی حکومت نے مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔(رمضان سیماب)