مولانا فضل الرحمن کا زلزلے سے تباہ کاریوں پر اظہار افسوس

بدھ 29 اکتوبر 2008 19:40

طرابلس /لیبیا(این این آئی) جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی امیر اور قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے صوبہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں آنے والے شدید زلزلے سے سینکڑوں افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی قوم سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ متاثرین زلزلہ کے ساتھ ہر قسم کی جانی او رمالی تعاون کریں اور الخیر ٹرسٹ کے وسط سے اپنے متاثرہ بھائیوں کو اس مشکل گھڑی سے نکالنے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیبیا سے ٹیلی فون پر الخیر ٹرسٹ (العالمی) کے چیئرمین حاجی ادریس سے گفتگو میں کیا ۔ حاجی ادریس نے مولانا فضل الرحمن کو بلوچستان میں ہونے والی تباہی سے آگاہ کیا ۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں قبائلی علاقوں مین فوجی آپریشن سے شدید نقصانات ہورہے ہیں اور بے گناہ لوگوں کو مارا جارہاہے جو کہ ملک کے لئے انتہائی خطرے کی بات ہے ۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے عملی اقدامات کرے اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرے ۔

متعلقہ عنوان :