پانی کی کمی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہارون آباد سمیت پنجاب بھر کے سینکڑوں فش فارم بند ہو نا شروع ہو گئے

بدھ 29 اکتوبر 2008 19:40

بہاولنگر (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین29 اکتوبر2008 ) پانی کی کمی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہارون آباد سمیت پنجاب بھر کے سینکڑوں فش فارم بند ہو نا شروع ہو گئے ۔پانی کی کمی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث گندم کی بجوائی کا حکومتی مقررہ ہدف بھی ناممکن ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق نہری پانی کی کمی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث جہاں پر زندگی کے دوسرے شعبے متاثر ہو ئے ہیں وہاں پر مچھلی پال حضرات کو بھی شدید پر یشانی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق اس وقت تقر یبا 90فیصد فش فارم بند ہو چکے ہیں جنکی وجوہات پانی کی کمی اور بجلی کی غیر اعلانیہ طویل ترین لوڈ شیڈنگ ہے ۔ اس سلسلہ میں پاکستان کنال مچھلی فارم یونین کے مر کزی صدر نیاز احمد رندھاوا نے الیکٹرانک وپر نٹ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ نہری پانی کی کمی اور طویل ترین لوڈشیڈنگ کے باعث مچھلی پال حضرات کو شدید پر یشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس وقت مچھلی فارم کے زیادہ تر مالکین نے نہری پانی کی کمی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے اس کام کو ترک کرنا شروع کر دیاہے انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیاکہ مچھلی فارم کو سپیشل کوٹے سے پانی دیا جائے تاکہ یہ شعبہ تباہ ہونے سے بچ سکے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء بجلی کی طویل ترین لوڈ شیڈنگ اور نہری پانی کی قلت سے پنجاب حکومت کا مقرر کردہ گندم کی بجھوائی کا ہدف بھی ناممکن ہو گیا ہے ۔اس وقت جب گندم کی بجھوائی کا سیزن شروع ہو چکا ہے ۔عین اس وقت نہروں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے جبکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث ٹیوب ویل یا ٹرپائنیں وغیرہ بھی چلانا ناممکن ہے جسکی وجہ سے گندم کی بجھوائی شدید متاثر ہوتی جارہی ہے ۔

اس سلسلہ میں پاکستان مشالی کسان فورم کے مرکزی صدر چوہدری قمر زمان ملہی نے الیکٹرانک وپر نٹ میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلے ہی آٹے اور گندم کا بحران شدت اختیار کئے ہوئے ہیں لیکن اس بار نہری پانی کی کمی اور بجلی کی غیر اعلانیہ طویل ترین لوڈ شیدنگ کے باعث حکومت کا مقرر کردہ بجھوائی کے ہدف کا حصول ناممکن دکھائی دے رہا ہے ۔ اگر پانی کی کمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا یہ مسلہء اسی طر ح برقرار رہا تو آئندہ سال پاکستان میں گندم کی قلت کا شدید ترین بحران پیدا ہو جائے گا ۔لہذا اس بحران سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ نہروں میں پانی کی کمی کو پورا کیا جائے اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کوختم کیا جائے تاکہ گندم کی بجھوائی متاثر نہ ہو سکیں ۔

متعلقہ عنوان :