3دن گزرگئے--- الشفاء آئی ہسپتال راولپنڈی کی پارکنگ سے چوری ہونے والی کار کا سراغ نہ مل سکا۔۔۔پولیس نے ابھی تک ایف آئی آر کی کاپی تک نہیں دی‘مشیر داخلہ‘آئی جی پنجاب اور ڈی پی راولپنڈی نوٹس لیں‘خاتون شہری کی اپیل

ہفتہ 1 نومبر 2008 13:04

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 1نومبر 2008 ء) سول لائن پولیس راولپنڈی کے علاقے الشفاء آئی ہسپتال کی کارپارکنگ سے چوری ہونے والی گاڑی کا ابھی تک سراغ نہ مل سکا نہ ہی پولیس نے ابھی تک متاثرہ خاتون کو ایف آئی آر کی کاپی دی ہے-تفصیلات کے مطابق جمعرات کو الشفاء آئی ہسپتال راولپنڈی کی کارپارکنگ سے چوری ہونے والی کار نمبر JX-322کا ابھی تک سراغ نہیں مل سکا-کار کی مالک ناہید نے بتایا کہ پولیس سے جب کار کی چوری کے حوالے سے دوبارہ رابطہ کیا تو اہلکاروں نے جواب دیا کہ ہم نے ابھی اس حوالے سے ایکشن نہیں لیا جلد چھان بین کی جائے گی جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ابھی تک پولیس نے ایف آئی آر کی کاپی تک نہیں دی-واضح رہے کہ ناہید جمعرات کو اپنی والدہ کو لیکر الشفاء آئی ہسپتال گئی تھی اور کارپارکنگ کرنے سے قبل مانگنے کے باوجود وہاں تعینات سکیورٹی اہلکاروں نے انٹری پاس نہیں تھا اور جب ناہید والدہ کو لیکر ہسپتال سے باہر آئی تو کار غائب تھی پوچھنے پر سکیورٹی اہلکار وں نے لا علمی کا اظہار کیا تھا -جس پر ناہید نے وہاں پر احتجاج کیا اور سکیورٹی انچار ج کو شکایت کے علاوہ فوری طور پر 15پر رابطہ کیا جس پر پولیس اہلکار بھی موقع پر پہنچے -ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی -تین دن گزرنے کے باوجود پولیس نے ابھی تک کوئی کاروائی نہیں کی اور نہ ہی ناہید کو ایف آئی آر کی کاپی دی-ناہید نے کہا کہ ہسپتال میں تعینات سکیورٹی اہلکار اور پولیس اہلکاروں کے رویے سے محسوس ہوتا ہے کہ یہ دونوں پارٹیاں کارچوری میں ملوث ہیں-ناہید نے مشیر داخلہ رحمان ملک ‘آئی جی پنجاب اورڈی پی او راولپنڈی سے اپیل کی ہے کہ وہ میری گاڑی بازیاب کرائیں اورکار چوری میں ملوث اہلکاروں کو قرارواقعی سزا دی جائے تاکہ شہری ایسے عناصر سے محفوظ رہیں-

متعلقہ عنوان :