انسانی حقوق کا علمبردار، امریکہ پاکستان کے نہتے عوام کے خلاف حیوانی کارروائیاں فوری طور پر بند کرے۔ عتیق میر

پیر 3 نومبر 2008 17:14

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 3نومبر 2008 ء) الائینس آف مارکیٹ ایسوسی ایشنز کراچی کے چیئرمین عتیق میر نے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں امریکی میزائل حملوں کے نتیجے میں سینکڑوں بے گناہوں اور معصوم شہریوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم اور شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی حقوق کا علمبردار امریکہ پاکستان کے نہتے عوام کے خلاف حیوانی کارروائیاں فوری طور پر بند کرے، پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی اور جارحیت ملک کی آزادی اور خود مختاری کا کھلا مذاق ہے،سرحدی علاقوں میں امریکی فوج کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں کے سفاکانہ قتل پر امریکی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی ناکافی اقدام ہے انھوں نے کہا کہ دوستی کا دعویدارامریکہ وضاحت کرے کہ وہ پاکستان کے بے گناہ اور نہتے عوام کو کس حیثیت سے قتل کررہا ہے،دہشت گردی کی تعریف اگر بے گناہوں کا قتل ہے تو امریکہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے،بے گناہ اور پرامن شہریوں پر میزائل حملوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کی کھیپ تیار ہورہی ہے جو عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ ہے انھوں نے کہا کہ بے ضمیر، بدعنوان اوربزدل جنرل کے ایک کمزور اور غلط فیصلے نے پوری قوم کو امریکہ کے ہاتھوں یرغمال بنادیا ہے،پاکستانی علاقوں میں امریکی افواج کے حوصلے خطرناک حد تک بڑھ چکے ہیں، اب حکومت کے کسی بھی اعتراض کو خاطر میں نہیں لایا جارہا،نیٹو افواج کے میزائل حملوں میں عوام کے بے رحمانہ اور سفاکانہ قتل پر حکومت بے بس اور لاچار نظر آرہی ہے اور اس میں اتنی ہمت اور سکت بھی نہیں ہے کہ کوئی مئوثر اور بھرپور احتجاج کرسکے، امریکی مفادات کے معاہدوں نے موجودہ حکومت کے لب سی دیئے ہیں، اب امریکہ پاکستان کے جس شہر پر جب چاہے اسامہ اور القائدہ کی موجودگی کے فرضی انکشاف پر میزائل گراسکتا ہے،انھوں نے کہا کہ حکومت واضح کرے کہ وہ اپنے بے گناہ عوام کو کتنے ڈالرز کے عوض امریکی مفادات کی بھینٹ چڑھارہی ہے،انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بزدلی اور بے حسی کے خول سے باہر آئے اور اپنی اہلیت ثابت کرنے کیلئے عوام کی جان و مال کی حفاظت کی ذمے داریاں پوری کرے ،سوات میں قبائلیوں کے خلاف کارروائیاں فوری طور پر بند کی جائیں جن سے امریکی میزائل حملوں پر اعتراض کا جواز ختم ہورہا ہے،امریکہ سے یکطرفہ دوستی کا فرضی اور مضحکہ خیز ڈرامہ اب ختم ہوجانا چاہیئے، معصوم عوام کا قاتل پاکستان کا دوست نہیں ہوسکتا، انھوں نے کہا کہ پاکستان کے بدترین دشمن بھی وہ کام نہ کرسکے جو دوستی کی آڑ میں امریکہ نے کر دکھایا ہے، امریکہ اور بھارت جوہری معاہدے کی صورتمیں پاکستان کیلئے چکی کے دو پاٹ بن گئے ہیں، انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امریکیوں کے ہاتھوں مزید قیمتی جانوں کے اتلاف سے قبل پوری قوم کو اعتماد میں لے کر اہم اور جرائتمندانہ فیصلے کیئے جائیں، عوام کے جان و مال کی حفاظت ، ملک کی بقا ء ، آزادی اور سالمیت امریکہ سے تعلقات کی لازمی اور بنیادی شرط ہونی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :