امریکہ فرینڈز آف پاکستان اجلاس میں پاکستان کی بھرپور مدد کا اعلان کرے تاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھی جا سکے، حسین حقانی

منگل 11 نومبر 2008 16:46

واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین11نومبر2008 ) امریکہ میں پاکستانی سفیر حسین حقانی نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ رواں ماہ ابوظہبی میں ہونے والے فرینڈز آف پاکستان اجلاس میں پاکستان کی بھرپور مدد کا اعلان کرے تاکہ اسے اپنی معیشت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے میں مدد مل سکے۔

(جاری ہے)

حسین حقانی نے امریکی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پورا پاکستان دہشت گردی کے خلاف لڑنے اور اپنے پاوٴں پر کھڑا ہونے کیلئے 10 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کا مطالبہ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہت سے سیکورٹی چیلنجوں کا سامنا ہے تاہم منتخب جمہوری حکومت چیلنجوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق حسین حقانی پاکستان کو اپریل سے اکتوبر تک فوجی کارروائیوں کیلئے ایک ارب ڈالر ادا کرنے کیلئے امریکہ کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔