سابق ڈپٹی اسپیکر اور رکن پنجاب اسمبلی سردارشوکت مزاری دل کادورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

جمعہ 14 نومبر 2008 19:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14نومبر۔2008ء) پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر اور رکن پنجاب اسمبلی سردارشوکت مزاری دل کادورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ہیں۔ان کی عمرساٹھ سال تھی ۔ راجن پورسے منتخب ہونے والے سردارشوکت کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران دل کا دورہ پڑا۔انہیں پنجاب انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیاگیا۔جہاں وہ جانبرنہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جاملے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم سیدیوسف رضاگیلانی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ سردارشوکت مزاری منجھے ہوئے سیاستدان تھے اور ان کی رحلت کسی سانحہ سے کم نہیں ۔ مسلم لیگ نوازسے تعلق رکھنے والے سردارشوکت کودل دورہ پڑنے کے بعد پنجاب اسمبلی کا اجلاس پیرسہ پہرتین بجے تک ملتوی کردیاگیا۔شوکت مزاری دس فروری انیس سواڑتالیس میں پیداہوئے ۔ پہلی مرتبہ انیس سوستترمیں رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے اور وزیربنے ۔ وہ دوہزاردوسے دوہزارسات تک ڈپٹی اسپیکرپنجاب اسمبلی کے عہدے پرفائز رہے ۔سردارشوکت مزاری سابق نگراں وزیراعظم بلخ شیرمزاری کے کزن تھے ۔