پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں اقلیتی پارٹی ہے، چوہدری نثار

جمعرات 1 جنوری 2009 20:37

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین01جنوری2009) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں اقلیتی پارٹی ہے تاہم جموریت کی خاطر انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے نہیں کہہ رہے ۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن قومی اسمبلی کے اندر اور باہر موجود اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اہم امور پر مشترکہ موقف اپنانے کے لیے رابطے میں ہے جبکہ ان کی جماعت سترہویں ترمیم کے حوالے سے اپنا مسودہ جلد عوام کے سامنے لائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیزل کی قیمت چھپن روپے سے کم کرکے چھبیس اور پٹرول کی قیمت ستاون روپے سے کم کرکے چالیس روپے مقرر کرے تاکہ عوام کی جیبوں پر پڑنے والے ڈاکہ کو ختم کیا جا سکے۔ چوہدر ی نثار علی خان کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کے اقدامات وفاق کو بدنام کررہے ہیں تاہم مسلم لیگ ن کی حکومت کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ فلسطین پر اسرائیل کے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان فوری طور پر او آئی سی اور دوسرے بین الاقوامی فورمز پر احتجاج کرے تاکہ عوام کے حقیقی موقف کی ترجمانی ہوسکے