غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری،حماس رہنما بچوں سمیت شہید

جمعہ 2 جنوری 2009 11:12

غزہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔02جنوری 2009 ء) اسرائیلی فضائیہ نے غزہ پر حملہ کر کے حماس کے رہنما نزارریان کو انکی چار بیویوں اور دس بچوں سمیت شہید کر دیا ہے جبکہ حماس نے آج اسرائیل کے خلاف یوم قہر منانے کا اعلان کیاہے۔اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائی میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد چار سوبیس سے تجاوز کرگئی ہے اور اکیس سو کے قریب زخمی ہوئے ہیں ۔

حماس کے ترجمان کے مطابق جبالیہ میں اسرائیلی فضائیہ نے میزائل حملے کے ذریعے پانچ منزلہ عمارت کونشانہ بنایا جس میں حماس کے رہنما اپنی بیویوں ،بچوں اور خاندان کے دوسرے افراد کے ہمراہ رہائش پذیر تھے۔ ادھر اسرائیلی فوج کی جارحیت چھٹے روز بھی جاری رہی جس میں ایک خاتون سمیت تین افراد شہید اور چالیس زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ غزہ میں پارلیمنٹ اور مساجد سمیت کئی عمارتوں کو نشانہ بنایاگیا جس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہواہے۔

صیہونی فوج کے مطابق غزہ میں پانچ سو اہداف کو نشانہ بنا کر پچانوے فیصد عمارتیں تباہ کردی گئیں ۔ ان حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت چار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ حماس نے آج اسرائیل کے خلاف یوم قہر منانے کا اعلان کیاہے ادھر اسرائیلی فوج نے غزہ میں زمینی کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے مزید ٹینک اور نفری تعینات کردی ہے۔بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے اسرائیلیوں نے وزیراعظم ایہود اولمرٹ کی رہائشگاہ کے سامنے اور ‌فتح موومنٹ کے حامیوں نےمغربی کنارے میں غزہ پر فوجی آپریشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

اسرائیلی مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان حالات میں نئی ریاست کے قیام کا منصوبہ کبھی پایہ تکمیل کو نہیں‌پہنچ سکتا۔فلسطینیوں کوبہتر حالات میں رہنے کاموقع فراہم کیاجائے اور ان کے خلاف طاقت کا استعمال بند کیا جائے، مغربی کنارے میں‌ مظاہرین نے اسرائیل مخالف اور مصر کے حق میں‌نعرے لگائے۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ مصر کی مخالفت کرنے والےشام اور ایران کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں‌۔