لفظ اللہ استعمال نہ کیا جائے، ملائشیا نے عیسائی جریدے پر پابندی عائد کردی

جمعہ 2 جنوری 2009 12:13

کوالالمپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔02جنوری 2009 ء)ملائشیا کی حکومت نے ملک میں ایک بڑے عیسائی جریدے کی اشاعت کے اجازت نامے کی تجدید کردی ہے، لیکن اسی جریدے کے ملے زبان کے ایڈیشن پر لفظ ”اللہ“ استعمال کرنے کی وجہ سے پابندی لگادی ہے۔عیسائی جریدے ہیرلڈ کا کہنا ہے کہ اْسے اپنے چینی، انگریزی اور تامل زبانوں کے ایڈیشن بدستور شائع کرتے رہنے کی اجازت مل گئی ہے۔

(جاری ہے)

جریدے کے ایڈیٹر فادر لارینس اینڈریو نے بتایا ہے کہ حکومت نے مَلے زبان میں جریدے کی اشاعت کے اْس پرمٹ کی تجدید نہیں کی ، جو ہرسال کی جاتی ہے۔عیسائیوں کے خدا کے لیے لفظ اللہ کے استعمال پر حکومت اور جریدے کے درمیان تنازعہ چلا آتا ہے۔ ملائشیا کے حکام کی دلیل یہ ہے کہ اسلام کے سیاق و سباق کے باہر لفظ اللہ کے استعمال سے مسلمانوں میں غلط فہمیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔ جب کہ ہیرلڈ کا استدلال یہ ہے کہ ملک کی قومی زبان مَلے میں خدا کے لیے واحد لفظ صرف اللہ ہے۔واضح رہے کہ ملائشیا کی دو کروڑ 70لاکھ کی آبادی میں 60 فیصد سے زیادہ مسلمان ہیں۔ تقریباّ 20 فیصد بودھ ہیں اور 10فیصد سے بھی کم کیتھولک عیسائی ہیں۔